حکیم اجمل خاں کی یوم پیدائش نظر انداز ، حکومت کا وعدہ وفا نہ ہوسکا
حیدرآباد۔10فبروری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے یونانی طریقے علاج کو فروغ دینے کی باتیں تو کی جاتی ہیں مگر اس کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کوئی ٹھوس اقدام اٹھانے سے حکومت تلنگانہ قاصر نظر آرہی ہے ۔ حالانکہ یونین کو ’آیوش‘ میں شامل کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے ہاتھ میں اس کی باگ ڈور دیدی گئی ہے مگر آیوش کے قیام سے قبل ہی حیدرآباد یونانی طریقے علاج میںدنیاکا سب سے عظیم مرکز مانا جاتا ہے۔ نظام ہشتم آصف جاہ سابع نے یونانی طریقے علاج کو فروغ دینے کے لئے سرکاری خزانو ں کا منھ کھول دیاتھا مگر تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد جو وعدے یونانی کی بقا اور اس کی حفاظت کے لئے کئے گئے تھے ان میںسے ایک پر بھی عمل ندارد ہے۔ حکومت تلنگانہ کے ذمہ داران بالخصوص چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو نے تلنگانہ میں یونانی کا احیاء عمل میںلانے کے لئے ہرممکن تعاون کا بھی اعلان کیاتھامگر افسوس کی بات ہے کہ تلنگانہ میںیونانی کے ساتھ جیسا سلوک اب کیاجارہا ہے ویسا سلوک آزاد ہندوستان کی تاریخ میں کبھی نہیںکیاگیا ہے۔ ایسے عہدیداروں کو تعینات کیاجارہا ہے جو یونانی کے فروغ کے بجائے اس کو تباہی کے دہانے پرپہنچانے کا کام کررہے ہیں۔ مسیح الملک حکیم اجمل خان کی یوم پیدائش کے موقع پر سارے ملک میں ’’یوم یونانی ‘‘ منایاجاتا ہے۔ مگر 2018اور2019میںسرکاری سطح پر یوم یونانی تقاریب منائے جانے کے بعد سال2020میں اس کو پوری طرح نظر انداز کردیاگیاہے۔حکیم اجمل خان کی یوم پیدائش11فبروری کے روز ہے اور اس مرتبہ 152یوم یونانی سرکاری سطح پر منایاجانا تھا مگر مرکزی و ریاستی حکومتوں کی جانب سے اس کا کوئی اعلان کیاگیا ہے او رنہ ہی محکمہ آیوش تلنگانہ نے حکیم اجمل خان کی یوم پیدائش کے موقع پر تقاریب کے انعقاد کا اعلان کیاہے۔ یوم یونانی کے موقع پر ضلعی سطح پر میڈیکل کیمپس منعقد کئے جاتے اور مریضوں کی مفت تشخیص او رادوایات کی تقسیم بھی عمل میںلائی جاتی تھی ۔ حکومتوں اور محکمہ آیوش کے پاس ماہ نومبر میںمنعقد ہونے والے ’’ ایورویدا ڈے ‘‘ کے لئے فنڈس اوروقت ہے مگر یونانی کے لئے نہ تو وقت ہے اور نہ ہی پیسے ہیں۔ محکمہ آیو ش تلنگانہ میںڈائرکٹر وی اے ورشنی اے آئی ایس کا جب سے محکمہ میںتقرر عمل میںعمل آیاہے تب سے یونانی ذریعہ علاج کے ساتھ ناانصافی او رامتیازی سلوک عروج پر ہے۔ حکومتوں کو چاہئے تھاکہ وہ یونانی طریقے علاج کے علمبردار مجاہد جنگ آزادی مسیح الملک حکیم اجمل خان کی یوم پیدائش کے موقع پر مثالی ’’یوم یونانی ‘‘ تقاریب کا انعقاد عمل میںلاتے ہوئے ہندوستان کے سب سے عظیم یونانی مرکز حیدرآباد سے حکیم اجمل خان کوخراج عقیدت پیش کرتی اور دنیاکو بتاتے کہ آج بھی مرکزی او رریاستی حکومتیں یونانی طریقے علاج کے لئے فکر مند ہیں۔