پبلک سرویس کمیشن شفاف امتحانات میں ناکام، کانگریس قائد کنہیا کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔16۔اکتوبر (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے قائد کنہیا کمار نے طلبہ اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ ان کے مستقبل سے کھلواڑ کرنے والی پارٹیوں کو اسمبلی انتخابات میں سبق سکھائیں۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کنہیا کمار نے تلنگانہ میں طلبہ اور نوجوانوں کی خودکشی کے واقعات میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں پبلک سرویس کمیشن کے امتحانات کے بار بار التواء سے دلبرداشتہ ہوکر طالبہ نے خودکشی کرلی لیکن حکومت کی جانب سے اسے لو افیر قرار دیتے ہوئے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برسر اقتدار بی آر ایس کے کسی عوامی نمائندے اور قائد نے طالبہ کے افراد خاندان سے ملاقات تک نہیں کی۔ کنہیا کمار نے کہا کہ محبت کرنا کوئی جرم نہیں ہے لیکن طالبہ کی خودکشی پبلک سرویس کمیشن کے امتحانات میں پرچہ جات کے افشاء کے سبب ہوئی ہے اور امتحانات کے التواء سے دیگر طلبہ کی طرح وہ بھی دلبرداشتہ ہوچکی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت بیروزگار نوجوانوں اور طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شفاف طریقہ سے امتحانات کے انعقاد میں ناکام پبلک سرویس کمیشن کو تحلیل کیا جائے اور نئی قانون سازی کے ذریعہ پرچہ جات کے افشاء کو روکنے کے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں علحدہ ریاست کی تحریک کے دوران جو وعدے کئے گئے تھے، ان سے انحراف کرلیا گیا ۔ طلبہ روزگار کے انتظار میں برسوں سے پبلک سرویس کمیشن کے نوٹیفکیشن کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت آچکا ہے کہ اب نوجوان جمہوری انداز میں جدوجہد کرتے ہوئے مخالف طلبہ حکومت کو زوال سے دوچار کریں۔ انہوں نے بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ الاؤنس جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ کنہیا کمار نے کہا کہ پانچ ریاستوں کے اسمبلی چناؤ میں کانگریس کی شاندار کامیابی یقینی ہے۔ اس موقع پر این ایس یو آئی کے ریاستی صدر بی وینکٹ موجود تھے۔