حیدرآباد۔29۔اکٹوبر(سیاست نیوز) طوفان ’مونتھا‘ کے تلنگانہ پر اثرات کے نتیجہ میں ریاست میں کئی ٹرینیں آج بھی منسوخ رہی اور چند ٹرینوںکے راستوں کو تبدیل کرتے ہوئے خدمات جاری رکھنے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ وزارت ریلوے کی جانب سے موصول ہونے والی ہدایت کے بعد ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے تلنگانہ سے روانہ ہونے والی اور تلنگانہ کے مختلف مقامات کو پہنچنے والی کئی ٹرینوں کو منسوخ کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈورناکل یارڈ میں جمع پانی کے نتیجہ میں کئی ٹرینوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیاگیا جبکہ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے درمیان چلائی جانے والی بیشتر ٹرینوں کی تنسیخ کے سلسلہ میں اطلاع جاری کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ جمعرات کو بھی کئی ٹرینیں منسوخ رہیں گی اور مسافرین کو چاہئے کہ وہ اپنی ٹرین کے سفر کے متعلق اسٹیشن کے لئے روانہ ہونے سے قبل تفصیلات حاصل کرلیں تاکہ انہیں کسی بھی طرح کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔3