مارکاک میں عصری پولیس اسٹیشن کا افتتاح ، وزراء محمود علی اور ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راو نے کہا کہ عصری اور تکنیکی خدمات کے استعمال میں ریاست تلنگانہ ملک کے لیے رول ماڈل میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ گذشتہ 6 سال میں تلنگانہ فرینڈلی پولیسنگ کے معاملے میں قومی سطح پر سرفہرست مقام حاصل کرچکا ہے ۔ پولیس کی موثر خدمات کی وجہ سے حیدرآباد کے بشمول مختلف پولیس اسٹیشنس کو آئی ایس او سرٹیفیکٹ حاصل ہوا ہے ۔ ضلع سدی پیٹ کے مارکاک میں عصری تقاضوں سے تعمیر کردہ ماڈل پولیس اسٹیشن کا ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی کے ساتھ افتتاح کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر ریاست کی ترقی اور پولیس نظام کو استحکام کرنے پر اولین ترجیح دی ہے ۔ شی ٹیمیں ، سی سی کیمرے ، آن لائن سسٹم ، عصری و تکنیکی خدمات میں ریاست تلنگانہ ملک کے لیے رول ماڈل بن گیا ہے ۔ تلنگانہ میں عمل کیے جانے والے پولیس خدمات کی دوسرے ریاستوں کی جانب سے تقلید کی جارہی ہے ۔ مرکزی حکومت ہی اس کی تصدیق کررہی ہے ۔ جس سے چیف منسٹر کے سی آر کی کارکردگی کا اندازہ ہوتا ہے ۔ متاثرین کو انصاف دلانے میں موجودہ پولیس نظام معاون و مددگار ثابت ہورہا ہے ۔ ریاست میں لا اینڈ آرڈر کنٹرول میں ہونے کی وجہ سے امیزان جیسے شہرت یافتہ کمپنیاں حیدرآباد میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے دلچسپی دکھا رہے ہیں ۔ ملک میں پہلی مرتبہ تلنگانہ میں محکمہ پولیس میں خواتین کو 33 فیصد تحفظات فراہم کئے گئے ہیں ۔ مارکاک میں عصری تقاضوں سے کارپوریٹ آفس طرز پر اس پولیس اسٹیشن کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے ۔ تعمیرات پر حکومت نے 14.96 کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں ۔ پولیس اسٹیشن میں عصری سہولیات ، اسٹاف کے لیے کوارٹرس کے علاوہ گیسٹ ہاوز کے ساتھ پولیس ملازمین کے لیے جم کی سہولت فراہم کی گئی ۔ مارکاک منڈل کے تمام گاؤں کو سی سی ٹی وی کیمروں سے مربوط کیا گیا ہے ۔ اس تقریب میں ڈی جی پی مہیندر ریڈی کلکٹر سدی پیٹ وینکٹ رام ریڈی کمشنر پولیس جوئیل ڈیوس ضلع پریشد صدر نشین روجہ رادھا کرشنا شرما کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی ۔۔