تلنگانہ میں عنقریب ورلڈ کلاس خانگی یونیورسٹیز کا قیام

   

Ferty9 Clinic

ہائیر ایجوکیشن کونسل سے رہنمایانہ شرائط کی ترتیب ، حکومت سے منظوری کے بعد اعلامیہ کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں بہت جلد خانگی شعبہ کے تحت ورلڈ کلاس پرائیوٹ یونیورسٹیوں کا قیام عمل میں آئے گا ۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم کے عہدیدار بڑے پیمانے پر کوشاں ہیں ۔ فی الوقت ملک گیر سطح پر چند ریاستوں میں چلائی جانے والی پرائیوٹ یونیورسٹیوں کے مقابلہ میں اور بھی بہتر و معیاری خانگی یونیورسٹیوں کا قیام عمل میں لانے کے لیے دیہی علاقوں میں کم از کم 20 ایکڑ اراضی اور شہری علاقوں میں کم از کم دس ایکڑ اراضی کے لحاظ سے اراضی ہونا ضروری ہے اور کارپس فنڈ کے تحت کم از کم دس کروڑ روپئے رکھنے کی شرائط ہیں ۔ صدر نشین کونسل برائے اعلیٰ تعلیم مسٹر ٹی پاپی ریڈی نے اس بات کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ پرائیوٹ یونیورسٹیوں کے قیام سے متعلق رہنمایانہ خطوط مرتب کیے جارہے ہیں اور یہ تمام مراحل کی تکمیل کے بعد ریاستی حکومت سے منظوری حاصل کر کے تلنگانہ میں پرائیوٹ یونیورسٹیوں کے قیام سے متعلق درخواستیں طلب کرنے کے لیے باقاعدہ طور پر نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ریاست میں آئندہ تعلیمی سال کے آغاز تک پرائیوٹ یونیورسٹیوں کے قیام کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ مسٹر پاپی ریڈی صدر نشین تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم نے مزید بتایا کہ ملازمتوں ، روزگار کے مواقعوں ، مارکٹ میں یونیورسٹیوں اور اس کے کورسیس کی مانگ کے مطابق آئندہ مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے درکار کورسیس کے ساتھ ریاست تلنگانہ میں نئی پرائیوٹ یونیورسٹیاں قائم کی جائیں گے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں موجودہ یونیورسٹیوں کے ساتھ ساتھ پرائیوٹ یونیورسٹیوں کی بھی کافی حد تک مانگ پائی جاتی ہے ۔ جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم ریاست میں پرائیوٹ معیاری یونیورسٹیوں کے قیام پر اپنی اولین ترجیح دے رہی ہے ۔۔