وزارت ِ خارجہ کے پائیلٹ پراجکٹ میں حیدرآباد بھی شامل
حیدرآباد۔ 20 مئی (سیاست نیوز) پاسپورٹس مستقبل میں E-Chip کے ساتھ جاری ہوں گے۔ وزارت ِ خارجہ نے مسافروں کی تفصیلات کو مائیومیٹرک ڈاٹا اور ڈیجیٹل دستخط کے ساتھ بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں حیدرآباد کے بشمول ملک کے 12 شہروں کو پائلٹ پراجکٹ میں شامل کیا ہے۔ نئے پاسپورٹ داخل کرنے والوں کیلئے ایک اچھی خبر ہے کہ وہ بہت جلد الیکٹرانک چپ والے پاسپورٹ کے ساتھ فضائی سفر کرسکیں گے۔ وزارت ِ خارجہ کی ہدایت کے مطابق حیدرآباد میں ای۔چپ پاسپورٹ جاری کرنے کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ وزارت خارجہ نے حیدرآباد کو ایک پائیلٹ پراجکٹ کے طور پر منتخب کیا ہے۔ اس پراجکٹ میں ملک کے دیگر شہروں میں چینائی، ناگپور، بھوبنیشور، جموں، گوا، شملہ، رائے پور، امرتسر، جئے پور، سورت اور رانچی شامل ہیں۔ ان شہروں سے ای۔چپ پاسپورٹ کی اجرائی کا کام شروع ہوچکا ہے۔ یہ نیا ای۔چپ پر مبنی پاسپورٹ موجودہ پاسپورٹ کی طرح ہی ہوگا لیکن اس میں ایک چپ (Chip) ہوگا جس میں جدید ترین سکیورٹی سسٹم رہے گا۔ درخواست گزار کی مکمل تفصیلات اس چپ میں محفوظ رہے گی۔ ای۔ چپ پاسپورٹ کی خوبیاں یہ ہیں کہ اس میں بائیومیٹرک ڈیٹا اور ڈیجیٹل دستخط کے ساتھ بہت سی خصوصیات ہوں گی۔ اس پاسپورٹ سے ایرپورٹس پر مسافرین کی تفصیلات معلوم کرنا بہت آسان ہوجائے گا۔ ملک اور بیرون ملک تمام سفارت خانے ای۔ پاسپورٹ کو تسلیم کررہے ہیں۔2
