تلنگانہ میں عوامی حکومت کی بہتر کارکردگی ‘ دو سال میں 62 ہزار ملازمتوں کی فراہمی

   

مختلف شعبوں میں اصلاحات نافذ ۔ معیشت کو تین ٹریلین ڈالرس تک پہونچانے اقدامات ۔ گورنر جشنو دیو ورما کا یوم جمہوریہ تقریب سے خطاب ۔ پرچم کشائی اور پریڈ کی سلامی لی
حیدرآباد 26 جنوری ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما نے 77ویں یوم جمہوریہ کی تقریب سے خطاب میں ریاستی حکومت کی کارکردگی کی سراہنا کی اور کہا کہ حکومت تلنگانہ کی مجموعی ترقی کیلئے جو اقدامات کر رہی ہے وہ قابل ستائش ہیں ۔ گورنر تلنگانہ نے پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ یوم جمہوریہ تقریب میں پرچم کشائی کے بعد اپنے خطبہ میں حکومت تلنگانہ کے پروگرام ’رائزنگ تلنگانہ ‘ کا تذکرہ کیا اور کہا کہ حکومت اس منصوبہ کے ذریعہ تلنگانہ کو ملک کی دیگر ریاستوں کے ساتھ مسابقت کیلئے تیار کرنے کے علاوہ قومی سطح پر اپنی منفرد شناخت بنانے کوشاں ہے۔ انہو ںنے ریاست کی معاشی ترقی پر حکومت کے منصوبوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے معیشت کو مستحکم کرنے کے علاوہ قومی ہدف سے خود کو ہم آہنگ کرنے ویژن 2047 تیار کیا ہے اور 2047 تک ریاست کو 30ٹریلین کی معیشت تک پہنچانے منصوبہ تیار کرکے اس پر عمل شروع کیا ہے۔ گورنر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں برسرکار ’عوامی حکومت‘ کے فلاحی منصوبوں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے ساتھ تلنگانہ کی ہمہ گیر ترقی کو یقینی بنانے میں مصروف ہے۔ انہو ںنے تلنگانہ کو تین اقتصادی زونس میں منقسم کرکے ان کی ترقی کیلئے حکومت کے اقدامات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ اس کے دور رس نتائج برآمد ہونے کا امکان ہے۔ گورنر نے حکومت سے مختلف شعبہ جات میں اصلاحات کا تذکرہ کیا اور روزگار کی فراہمی اور نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کو یقینی بنانے حکومت کے اقدامات کا حوالہ بھی دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں گذشتہ 2 برسوں میں 62 ہزار نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں اور توقع ظاہر کی کہ حکومت مزید اقدامات کے ذریعہ نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کی فراہمی کے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے خواتین کو بس میں مفت سفر کی سہولت کے علاوہ 500 روپئے میں گیاس سیلنڈر کی فراہمی کی اسکیم کا تذکرہ کیا اور کہا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں سہولتوں کی فراہمی کے متعلق جو اقدامات کئے ہیں ان سے ریاست کے خواتین خوشحال ہونے لگی ہیں۔ مسٹر جشنو دیو ورما نے گروہا جیوتی اسکیم کے علاوہ دیگر اسکیمات کے ذریعہ ایک کروڑ خواتین کو خود کفیل بنانے کے منصوبہ کا بھی تذکرہ کیا ۔ انہو ںنے شعبہ صحت میں حکومت کے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے تاریخی عثمانیہ دواخانہ کی نئی عمارت کی تعمیر کیلئے 2700 کروڑروپئے کی منظوری دی گئی ۔ حکومت شعبہ صحت کی ترقی کو یقینی بنانے 16ہزار کروڑ کے خرچ کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ ریاست میں صحت عامہ کو بہتر بنایا جاسکے اور اعلیٰ معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جاسکے۔ گورنر نے حکومت کے نئی جامعات کے منصوبہ اور انٹرگریٹیڈ اسکولوں کی تعمیر کے اقدامات و منصوبوں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ حکومت تلنگانہ میں تعلیمی معیار کو بلند کرنے و عالمی معیار کی سہولتوں کی فراہمی کے عہد پر کاربند ہے۔انہو ںنے حکومت کے CURE,PURE,اور RARE منصوبہ کی تفصیلات کا بتائی اور کہا کہ حکومت نے زون واری اساس پر تلنگانہ اضلاع کی ترقی کا جو منصوبہ تیار کیا ہے اس کیلئے حکومت کے پاس واضح روڈ میاپ ہے۔ گورنر نے شہر کو وسعت دینے کے علاوہ ’فورتھ سٹی‘ کی تعمیر کا تذکرہ کیا اور کہا کہ حکومت نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے دائرہ کو وسعت دے کر اطراف کی بلدیات کو جی ایچ ایم سی میں ضم کرنے اقدامات کئے تاکہ ان علاقوں کی بھی شہر کے طرز پر ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔ یوم جمہوریہ تقریب میں گورنر جشنو دیو ورما کی آمد پرڈپٹی چیف منسٹر مسٹر ملو بھٹی وکرمارک اور چیف سیکریٹری مسٹر راما کرشنا راؤ نے خیر مقدم کیا۔ قبل ازیں گورنر اور ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے یادگار شہیدان واقع پریڈ گراؤنڈ پر سرحد کی حفاظت کے دوران شہادت پانے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یوم جمہوریہ تقریب میں پولیس کی مختلف بٹالینس نے گورنر کو سلامی پیش کی ۔تقریب میں وزراء‘ اراکین اسمبلی ‘ اراکین کونسل ‘ صدورنشین و مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔گورنر جشنو دیو ورما نے اپنے خطاب کے دوران شہدائے آزادی کو خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا آئین ہماری قومی زندگی کی بنیاد ہے اور 26 جنوری یوم جمہوریہ ہمیں اپنی ذمہ داریوں کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 1950 میں نافذ آئین انصاف ‘ آزادی ‘ مساوات ‘ اور اخوت جیسے سنہرے اصولوں کی ضمانت دیتا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ جمہوریت ایک نظام حکمرانی نہیں بلکہ عوامی خود حکمرانی کا ذریعہ ہے جس میں عوام خود حکمراں ہوتے ہیں۔3