حیدرآباد 5 مئی (پی ٹی آئی) تلنگانہ ہائی کورٹ نے کوویڈ ۔ 19 وباء کے پیش نظر ریاست میں ایک سال تک تمام عدالتی افسران کے تبادلوں کو موخر کردیا ہے۔ عدالت العالیہ نے اپنے اعلامیہ میں کہاکہ ’کورونا وائرس سے پھیلنے والی وباء کو ملحوظ رکھتے ہوئے ہائی کورٹ نے ریاست میں 2020 کے دوران مقررہ تمام کیڈرس کے عدالتی افسران کے تبادلوں کو ایک سال کے لئے موخر کردیا ہے۔ تاہم مستقبل میں انتظامی اُمور کی ضروریات کے مطابق انفرادی کیسیس کی بنیاد پر تبادلے کئے جاسکتے ہیں۔ ہائی کورٹ نے تمام یونٹ سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ عدالتی وزارتی اسٹاف کے تمام عام سالانہ تبادلے ایک سال کے لئے موخر کردیں۔ ہائی کورٹ نے قبل ازیں ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے 4 مئی سے شروع ہونے والی گرمائی تعطیلات منسوخ کردیا تھا۔ ریاست میں تمام عدالتوں اور عدالتی خدمات کو اگرچہ کارکرد رکھا گیا ہے لیکن فی الحال صرف انتہائی ہنگامی نوعیت کے مقدمات کی ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ سماعت کی جارہی ہے۔