حیدرآباد: ریاستی وزیرصحت ایٹالہ راجندر نے کہا کہ کورونا وائرس کا ویکسین ایجاد ہوتے ہی تلنگانہ کے عوام کو مفت دیا جائے گا۔ بی جے پی کی جانب سے بہار میں انتخابات کے پیش نظر بی جے پی کے انتخابی منشور میں ویکسین تیار ہوتے ہی بہار کے عوام کو مفت دینے کا اعلان کرنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایٹالہ راجندر نے کہا کہ ملک کے تمام عوام کو کورونا کا ٹیکہ دینا مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ جیسے کورونا وبا کا ٹیکہ منظرعام پر آئے گا تلنگانہ حکومت ریاست کے تمام سرکاری و خانگی ہاسپٹلس میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرس، طبی عملہ، دوسرے پیرا میڈیکل اسٹاف کو دینے کے معاملے میں اولین ترجیح دے گی اس کے بعد صفائی عملہ کو دیا جائے گا۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر کو غریبوں کا دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ طبی عملہ کے بعد ٹیکہ غریبوں کو دیا جائے گا۔ بالخصوص یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کو دینے کے بعد سماج کے تمام طبقات کو ٹیکہ دیا جائے گا۔ وزیرصحت نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں بارش و سیلاب کی تباہی سے چیف منسٹر کے سی آر بہت زیادہ صدمہ کا شکار تھے انہوں نے فوری مالیاتی پیاکیج کا اعلان کیا۔