تلنگانہ میں فرانس سے مزید سرمایہ کاری کیلئے حکومت کوشاں

   

انڈو۔ فرنچ انوسٹمنٹ کانکلیو ،وزیر آئی ٹی کے ٹی راماراؤ کا خطاب

حیدرآباد ۔ 9 اکٹوبر (سیاست نیوز) وزیر آئی ٹی و انڈسٹریز کے ٹی راماراؤ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں اچھی حکومت، قابل قیادت، ترقی کی پالیسیوں اور مؤثر وکارکرد بیورو کریسی سے اس قیام کے بعد سے سات سال میں 30 بلین ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملی ہے۔ انڈو۔ فرنچ چمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیراہتمام یہاں انڈو۔ فرنچ انوسٹمنٹ کانکلیو سے مخاطب کرتے ہوئے وزیر آئی ٹی نے کہا کہ مختلف شعبوں میں تلنگانہ میں فرنچ سرمایہ کاری ہوئی ہے اور ریاستی حکومت اس میں اضافہ کی خواہاں ہے۔ ایسا کرنے میں یہ ریاست ہندوستان میں چھوٹے، متوسط فرنچ کمپنیز کیلئے راہ ہموار کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر حکومت تلنگانہ کے پالیسی اقدامات بالخصوص TS-iPASS پر روشنی ڈالی۔ فرانس کے سفیر ایمانیول لینائن نے کہا کہ تلنگانہ میں زیادہ بزنس کا موقع ہے کیونکہ ریاستی حکومت اختراع کو فروغ دے رہی ہے اور اس کے فوائد سرمایہ کاروں کو حاصل ہوتے ہیں۔ مجموعی طور پر ہندوستان میں فرانس کی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے۔ قبل ازیں جی ایم ار ایرپورٹس کے ڈپٹی سی ای او اینٹوائن کرومبیز نے تلنگانہ سرمایہ کاری کرنے کا مقام، پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد ایرپورٹ کی توسیع پر 6,300 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ یہ ایرپورٹ جسے ابتداء میں سالانہ 12 ملین مسافرین کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے بنایا گیا تھا، توسیعی پراجکٹ کے بعد اس کی کپاسٹی 34 ملین مسافرین تک ہوگی۔