تلنگانہ میں فرقہ وارانہ سیاست کیلئے کوئی جگہ نہیں: مہیش کمار گوڑ

   

بی آر ایس اور بی جے پی عوامی اعتماد سے محروم، کانگریس کے دوبارہ اقتدار کا دعویٰ
حیدرآباد ۔3 ۔ اپریل (سیاست نیوز) صدرپردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس پر عوام کا اعتماد ختم ہوچکا ہے اور بی جے پی کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ مہیش کمار گوڑ آج منچریال ضلع میں پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ ریاستی وزیر ویویک وینکٹ سوامی اور ضلع کے انچارج وزیر جوپلی کرشنا راؤ کے علاوہ اے آئی سی سی سکریٹری سچن ساونت ، منچریال کے رکن اسمبلی پریم ساگر راؤ ، رکن کونسل ڈی وٹھل اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بی آر ایس 10 سالہ دور حکومت میں مخالف عوام فیصلوں کے نتیجہ میں عوام کے اعتماد سے محروم ہوچکی ہے ۔ حکومت کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے بے بنیاد الزام تراشی کی جارہی ہے لیکن عوام اپوزیشن پر بھروسہ کرنے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس میں داخلی اختلافات عروج پر ہے ۔ کے سی آر خاندان میں اختلافات منظر عام پر آگئے اور کویتا نے پارٹی قائدین کی بدعنوانیوں کو بے نقاب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی پر کنٹرول کیلئے کے ٹی آر اور ہریش راؤ میں مسابقت جاری ہے۔ سابق چیف منسٹر عوام سے جو دوری اختیار کرتے ہوئے فارم ہاؤز تک محدود ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی فرقہ وارانہ سیاست کے ذریعہ تلنگانہ میں قدم جمانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انتخابات سے عین قبل فرقہ وارانہ ماحول پیدا کرتے ہوئے سماج کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں فرقہ پرست سیاست کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی دوبارہ کامیابی کا دعویٰ کیا اور کہا کہ 100 سے زائد نشستوں پر کانگریس کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں کارکنوں نے کئی مقدمات اور ہراسانی کا سامنا کیا ۔ کارکنوں کی محنت اور قربانی کے نتیجہ میں کانگریس پارٹی ریاست میں برسر اقتدار آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے قرض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ حکومت 6 ضمانتوں پر عمل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنچایت راج اور مجالس مقامی انتخابات میں کانگریس نے بہتر مظاہرہ کیا جو حکومت کی کارکردگی پر عوام کا اظہار اطمینان ہے ۔ انہوں نے منچریال کے کانگریس قائدین اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ تنظیمی استحکام پر توجہ مرکوز کریں۔1