عیدالفطر کے موقع پر موثر انتظامات کرنے عہدیداروں کو ریاستی وزیر سرینواس گوڑکی ہدایت
حیدرآباد۔29 ۔ اپریل (سیاست نیوز) وزیر اکسائز سرینواس گوڑ نے کہاکہ تلنگانہ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کیلئے کے سی آر حکومت کام کررہی ہے۔ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد حکومت کی جانب سے مختلف مذاہب کے عید اور تہوار سرکاری طور پر منائے جارہے ہیں۔ انہوں نے محبوب نگر ضلع میں عیدالفطر کے انتظامات کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ سرینواس گوڑ نے کہاکہ رمضان المبارک کے دوران ضلع میں مؤثر انتظامات کئے گئے اور مسلمانوں کے افطار اور سحر کے موقع پر بہتر سہولتیں فراہم کی گئیں۔ عید الفطر کے موقع پر عیدگاہوں اور مساجد میں نماز عید کی ادائیگی کے وقت صحت و صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ سرینواس گوڑ نے عیدگاہ کادورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر ضلع میں ہندو مسلم اتحاد کا غیر معمولی مظاہرہ دیکھا جاتا ہے اور دونوں مذاہب باہم شیر و شکر ایک دوسرے کے عید اور تہوار میں حصہ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہر اسمبلی حلقہ میں مساجد میں دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا اور غریب مستحق مسلم خاندانوں میں ملبوسات کا تحفہ پیش کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ رمضان کے موقع پر ضلع میں ہندوؤں کی جانب سے مسلمانوںکیلئے دعوت افطار کے اہتمام کی خوشگوار روایت موجود ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہاکہ عید الفطر کے موقع پر مساجد اور عیدگاہوں کے پاس بہتر انتظامات کریں۔ امن و ضبط کی برقراری کے لئے پولیس کو چوکسی کی ہدایت دی گئی ہے۔ ر