ہر ضلع میں خواتین کو صنعتوں کے قیام میں مدد، انتخابی وعدوں کی تکمیل میں تلنگانہ سرفہرست
حیدرآباد۔ 13 جولائی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ کانگریس حکومت خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔ منچریال میں مختلف ترقیاتی کاموں کے افتتاح کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ خواتین کو ہر شعبہ میں بااختیار بنانے کانگریس پارٹی کی پالیسی ہے جس پر تلنگانہ حکومت عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عادل آباد ضلع کی ترقی کے لئے خصوصی منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے آبپاشی ضرورتوں کی تکمیل کے لئے ڈاکٹر امبیڈکر پراناہتا چیوڑلہ پراجکٹ کی تکمیل کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں خواتین کو اپنے طور پر کاروبار شروع کرنے کے لئے حوصلہ افزائی کی جائے گی اور خواتین کی چھوٹی اور متوسط صنعتیں قائم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو سولار پاور جنریشن پراجکٹس الاٹ کئے جارہے ہیں۔ ریاست کے کمزور معاشی موقف کے باوجود حکومت خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے پر کاربند ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے سابق بی آر ایس حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ خواتین کے گروپس کو بلاسودی قرض کی فراہمی کا وعدہ پورا نہیں ہوا۔ کانگریس نے حواتین سے جو وعدہ کیا ہے اس کی تکمیل کی ہے۔ ریاست میں ایک کروڑ خواتین کو کروڑپتی بنانے کا منصوبہ ہے۔ حکومت کے پہلے سال سیلف ہیلپ گروپس کو 21600 کروڑ کے بلاسودی قرض جاری کئے گئے۔ 12 تا 30 جولائی حکومت نے بلاسودی قرض تقسیم کیا ہے اور اس سلسلہ میں چیکس خواتین کے گروپس کے حوالے کئے گئے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ خواتین کو تاحال 150 آر ٹی سی بسیں لیز پر الاٹ کی گئی ہیں اور ایک کروڑ روپے کی آمدنی خواتین کے گروپس کو حاصل ہوئی ہے۔ عنقریب مزید 450 بسوں کو لیز پر لیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ہر اسمبلی حلقہ میں خواتین کی چھوٹی اور اوسط صنعتوں کے قیام کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل عوام سے جو وعدے کئے گئے تھے ان پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ عادل آباد ضلع سے کانگریس پارٹی نے جو وعدے کئے تھے انہیں بھی پورا کیا جائے گا۔ جلسہ عام میں ایک لاکھ سے زائد افرادکی شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ یہ دراصل رکن اسمبلی پریم ساگر راؤ کی مقبولیت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے محض تین ماہ میں کسانوں کے 21 ہزار کروڑ کے قرضہ جات معاف کئے۔ راجیو اروگیا شری ہیلت اسکیم کے ذریعہ 93 لاکھ خاندانوں کو فائدہ پہنچا ہے۔ غریب اور مستحق 51 لاکھ خاندانوں کو ماہانہ 200 یونٹ مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ اندراماں ہاوزنس کے تحت 5 لاکھ روپے کی امداد کا آغاز ہوچکا ہے اور اسکیم کے تحت 22500 کروڑ سے 4.5 لاکھ مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت کے علاوہ 500 روپے میں گیس سلینڈر اور شادی مبارک اسکیم پر عمل آوری جاری ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ فلاحی اسکیمات پر مزید 55 ہزار کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے انٹی گریٹیڈ اقامتی اسکولوں کو ملک کے لئے رول ماڈل قرار دیا۔ 1