تلنگانہ میں فلم ’ رضاکار‘ کی نمائش روکنے نمائندگی

   

سی پی لیڈر ڈاکٹر نارائنا و بی وشوم کی الیکشن کمیشن و سنسر بورڈ سے ملاقات
حیدرآباد۔/20 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا کی قیادت میں سی پی آئی قائدین نے تلنگانہ میں بی جے پی قائد نارائن ریڈی کی متنازعہ فلم ’ رضاکار ‘ کے خلاف الیکشن کمیشن اور سنسر بورڈ سے نمائندگی کی ۔ دہلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ ’ رضاکار‘ فلم کے نام پر بی جے پی قائدین تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انتخابات کے موقع پر بی جے پی قائدین مذہبی جذبات کو مشتعل کرکے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائد جی نارائن ریڈی نے فلم ’رضاکار‘ کیلئے فینانس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی مسلح جدوجہد کے ذریعہ رضاکاروں کی مخالفت کی گئی تھی۔ بی جے پی مسلح جدوجہد کو تلنگانہ کی آزادی کی جدوجہد کے طور پر پیش کررہی ہے۔ اس طرح کی سرگرمیوں کے ذریعہ تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش ہے۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ تلنگانہ میں فلم کی نمائش کو فوری روک دیا جائے کیونکہ اس سے عوام کے مذہبی جذبات مجروح ہوسکتے ہیں۔ سی پی آئی کے رکن پارلیمنٹ بنوئے وشوم کے ہمراہ ڈاکٹر نارائنا نے سنسر بورڈ کے ریجنل آفس دہلی پہنچ کر یادداشت حوالے کی۔