کشن ریڈی شکایت کے بجائے کارروائی کریں، ترجمان اے آئی سی سی شراون کا مطالبہ
حیدرآباد: آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ترجمان ڈاکٹر ڈی شراون نے مرکزی مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست میں ٹیلیفون ٹیاپنگ کے خلاف شکایت کرنے کے بجائے مرکزی وزیر کی حیثیت سے کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ مملکتی وزیر داخلہ کیلئے زیب نہیں دیتا کہ وہ فون ٹیاپنگ کی عام شہری کی طرح شکایت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے نمائندگی کریں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں فون ٹیاپنگ کے سلسلہ میں دستوری عہدہ پر فائز رہتے ہوئے کشن ریڈی کو کارروائی کرنی چاہئے اور اس معاملہ کی تحقیقات کا اعلان کیا جائے۔ شراون نے کہا کہ فون ٹیاپنگ کے ذریعہ اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ عام آدمی کی کیا حالت ہوگی۔ تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے فون ٹیاپنگ ایک حقیقت ہے اور یہ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر طویل عرصہ سے کی جارہی ہے ۔ مرکزی وزیر کشن ریڈی نے اس حقیقت کو تاخیر سے سہی تسلیم کیا ہے ۔ لہذا مرکزی وزیر کی حیثیت سے انہیں خاطیوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔ الیکشن کمیشن سے نمائندگی کرنے پر کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا۔ اے آئی سی سی ترجمان نے کہا کہ چیف سکریٹری سے ریاست میں عوامی ڈیٹا کے غلط استعمال کے سلسلہ میں شکایت کی گئی ہے ۔ تلنگانہ پولیس اور آئی اے ایس عہدیدار جیش رنجن انفرادی آزادی کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ میں فون ٹیاپنگ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔