نظام آباد میں منعقدہ تقریب سے مرکزی وزیر ہرسمرت کور بادل و دیگر کا خطاب
حیدرآباد/نظام آباد :6؍ ستمبر( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاستی حکومت فوڈ پروسینگ صنعت کے قیام کیلئے تیار ہے تو مرکزی حکومت مکمل طور پر تعاون پیش کرنے کیلئے تیار ہے ان خیالات کا اظہار مرکزی فوڈ پروسیسنگ صنعت کی وزیر شریمتی ہرسمرت کور بادل آج نظام آباد ضلع کے نندی پیٹ منڈل کے لکم پلی میں 108 کروڑ روپئے کی لاگت سے شروع کردہ میگا فوڈ پارک پروسیسنگ سنٹر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت رامیشور تیری، رکن پارلیمنٹ نظام آباد اروند، رکن اسمبلی آرمور جیون ریڈی ، ضلع کلکٹر ایم رام موہن رائوکے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر شریمتی ہر سمر ت کور بادل نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی فوڈ پروسیسنگ صنعتوں کے قیام کیلئے سنجیدہ ہے ۔
صنعتوں کے قیام سے پیداوار میں اضافہ کے علاوہ مقامی طور پر روزگار بھی فراہم ہونے کے علاوہ کسانوں کو اقل ترین قیمتوں کی ادائیگی سے زرعی شعبہ مستحکم ہوگااس پر مرکزی حکومت ملک گیر سطح پر فوڈ پروسیسنگ صنعتوں کے قیام کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ پروسیسنگ صنعتوں کے علیحدہ علیحدہ یونٹس کے قیام کیلئے کسان آگے آنے کی صورت میں ان کا مکمل تعاون کرے گی اور صنعت کے قیام کیلئے پانچ کروڑ روپئے کی سبسیڈی بھی فراہم کرے گی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کسانوں کو دگنا فائدہ پہنچانے کیلئے کوشاں ہے اسی کے تحت پانچ ایکر یافتہ کسانوں کو ہر ماہ 6 ہزار روپئے معاشی امداد فراہم کرنے کے علاوہ اقل ترین قیمتوں کی ادائیگی کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے ریاستی حکومت کی جانب سے بھی کسانوں کیلئے کئی اسکیمات کو متعارف کرتے ہوئے امداد فراہم کررہی ہے مرکزی حکومت کی جانب سے کسانوں کو دئیے جانے والے امدادی کام بناء پارٹی تعاون پیش کررہی ہے ۔مرکزی وزیر بادل کور نے کہا کہ لکم پلی میگھا یونٹ ریاستی سطح پر دوسرا یونٹ بھی منظور کیا جائیگا ۔