چیف الیکٹورل آفیسر کا الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس کے ساتھ ورکشاپ
حیدرآباد۔/30 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے ضمن میں چیف الیکٹورل آفیسر نے تمام 119 اسمبلی حلقہ جات کے الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس کیلئے ٹریننگ پروگرام کا اہتمام کیا۔ تربیتی ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس کو فہرست رائے دہندگان پر نظرِ ثانی سے متعلق اہم نکات سے واقف کرانا ہے۔ الیکشن کمیشن نے تلنگانہ میں خصوصی مہم شروع کی ہے جس کے تحت فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کی جارہی ہے۔ یہ مہم یکم اکٹوبر تک جاری رہے گی۔ شیڈول کے مطابق 2 اگسٹ کو فہرست رائے دہندگان کا مسودہ جاری کیا جائے گا جبکہ 4 اکٹوبر کو قطعی فہرست جاری کی جائے گی۔ ایسے تمام شہری جنہوں نے اپنا نام ہندوستان میں کہیں بھی درج نہیں کرایا ہو وہ الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ پر اپنا نام درج کراسکتے ہیں۔ اس کے لئے موبائیل ایپ کا استعمال بھی کیا جاسکتا ہے۔ فہرست رائے دہندگان میں شمولیت کے خواہاں افراد بلاک سطح کے عہدیداروں کے پاس شخصی طور پر درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ بلاک سطح کے عہدیداروں کے ذریعہ گھر گھر پہنچ کر جائزہ لینے کو یقینی بنائیں۔ گھر گھر سروے کے تحت اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ یکم اکٹوبر 2023 تک 18 سال کی تکمیل کرنے والے افراد کا نام فارم 6 کی تکمیل کے ذریعہ شامل کیا جائے۔ مہم میں ایک سے زائد ناموں کی شمولیت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے مکانات کے نمبر کو اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت دی۔ اس مہم کا مقصد فہرست رائے دہندگان میں حقیقی اڈریس کو شامل کرنا ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے گھر گھر مہم کے دوران شفافیت برقرار رکھنے کا مشورہ دیا۔ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس کو ہر ہفتہ سیاسی پارٹیوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ان کے اعتراضات کی سماعت کرنی ہوگی۔ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس پولنگ اسٹیشن کی سطح پر ناموں کی شمولیت اور اخراج کی تفصیلات آن لائن پیش کریں گے۔ر