حیدرآباد۔/12اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سرویسس اتھارٹی نے عوام میں قانونی اُمور سے متعلق شعور بیداری کیلئے 2 اکٹوبر تا 14 نومبر خصوصی مہم کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی حکومت کے آزادی کا امرت مہا اتسو تقاریب کے ضمن میں عوام میں شعور بیداری کا فیصلہ کیا گیا۔ ممبر سکریٹری لیگل سرویسس اتھارٹی کے مطابق وکلاء، ماہرین قانون، لیگل والینٹرس، لیگل اسٹوڈنٹس، لیگل ایڈ کونسل، آنگن واڑی ٹیچرس اور آشا ورکرس پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ہر دیہات میں پہنچ کر عوام کو ان کے قانونی حقوق سے واقف کرائیں گے۔ یہ ٹیمیں روزانہ کسی ایک دیہات میں عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ضرورتمندوں کو قانونی امداد فراہم کریں گے۔ ممبر سکریٹری لیگل سرویسس اتھارٹی نے ڈسٹرکٹ لیگل سرویس اتھارٹی کے علاوہ منڈل سطح کی کمیٹیوں سے اشتراک کیا ہے۔ انہوں نے مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے خصوصی مہم کا جائزہ لیا۔ انہوں نے محکمہ جات ریوینو، رورل ڈیولپمنٹ، پولیس اور پوسٹل سے خواہش کی کہ اس مہم میں ممکنہ تعاون کریں۔ 9 اکٹوبر تک ریاست کے 1081 دیہاتوں اور 135 دیگر مقامات پر شعور بیداری کیمپس منعقد کئے گئے جس میں 91255 افراد کی قانونی مدد کی گئی۔ جیلوں میں بھی شعور بیداری کیمپس کے ذریعہ 1462 قیدیوں کو ان کے حقوق سے واقف کرایا گیا اور 11 قیدیوں کی قانونی مدد کی گئی۔اضلاع میں موبائیل ویانس کے ذریعہ دیہاتوں کا احاطہ کیا جارہا ہے۔ ڈیجیٹل پروگراموں اور سوشیل میڈیا سے بھی مدد لی جارہی ہے۔ر