تلنگانہ میں قومی شاہراہوں کی تعمیر کیلئے مرکز سے 7394 کروڑ مختص

   

حیدرآباد میں فلائی اوورس اور سڑکوں کی تعمیر کیلئے بھی فنڈز کی منظوری
حیدرآباد۔/4اگسٹ، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے تلنگانہ میں نئی قومی شاہراہوں کی تعمیر کیلئے مالیاتی سال 2024-25 کے دوران 7394.31 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ مرکزی وزارت روڈ ٹرانسپورٹ کے مطالبات زر کے مطابق جاریہ کاموں کیلئے 4894.31 کروڑ الاٹ کئے گئے اور یہ ایسے کاموں کیلئے ہیں جن کی انفرادی لاگت 5 کروڑ سے زائد ہے۔ نئی شاہراہوں کی تعمیر کیلئے 2500 کروڑ کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ حکومت نے ریجنل رنگ روڈ کیلئے کوئی علحدہ فنڈز مختص نہیں کئے جو ریاستی حکومت کا اہم پراجکٹ ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت کی دوسری اسکیم کے تحت فنڈز جاری کئے جائیں گے۔ حیدرآباد اور اس کے اطراف مختلف پراجکٹس کیلئے فنڈز مختص کئے گئے۔ بی ایچ ای ایل جنکشن فلائی اوور کی تعمیر کیلئے 112.10 کروڑ مختص کئے گئے۔ اپل میں 6 لائن پر مبنی ایلویٹیڈ کاریڈار کیلئے 78 کروڑ، عنبرپیٹ چوراہے پر 4 لائن کے فلائی اوور کیلئے 58 کروڑ اور آرام گھر تا شمس آباد 6 لائنوں کی سڑک کی تعمیر کیلئے 27.22 کروڑ مختص کئے گئے۔ مرکزی حکومت نے آندھرا پردیش کے بعض پراجکٹ کیلئے بھی بجٹ مختص کیا ہے۔ محکمہ کے مطالبات زر کے تحت محبوب نگر، بودھن تا باسر۔ بھینسہ، میدک تا سدی پیٹ، کلواکرتی تا کولا پور، میدک تا ایلاریڈی، ایلاریڈی تا ردرور، سنگاریڈی تا مدینہ گوڑہ اور حیدرآباد تا بھوپال پٹنم سڑکوں کی تعمیر کیلئے بھی رقومات مختص کی گئیں۔1