حیدرآباد9 فروری (سیاست نیوز) جیلوں میں سزا یافتہ گان کو ان کے کام کے لئے اجرت کی ادائیگی کی بات ہو تو تلنگانہ کے جیل ملک میں قیدیوں کو بہتر اجرت ادا کرنے والے ٹاپ تین جیلوں میں ہیں۔ تاہم جب کم مہارت اور مہارت نہ رکھنے والوں کی بات ہوتی ہے تو اجرتوں کی ادائیگی ملک کی دیگر کئی ریاستوں کے برابر نہیں ہے۔ سزا پانے والے قیدیوں کو جیل میں ان کی جانب سے کئے جانے والے کام کے لئے اجرت ادا کی جاتی ہے۔ ملک کے لئے جیل اعداد و شمار کے مطابق تلنگانہ کی جیلوں میں ایک اسکلڈ قیدی کو یومیہ 170 روپئے اجرت ادا کی جاتی، سیمی اسکلڈ ورکر کو 50 روپئے اور ان اسکلڈ ورکر کو 30 روپئے اجرت دی جاتی ہے۔ جیل عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ریاست کی بعض جیلوں میں ہوسکتا ہے کہ ملک کی بعض دیگر جیلوں میں اس قدرت اجرت حاصل نہیں ہورہی ہوگی جیسا کہ ملک کی دیگر جیلوں میں ہو کیوں کہ تلنگانہ کی جیلوں میں قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولتیں ملک کی دیگر جیلوں میں قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں سے بہت بہتر ہیں۔ بی سیدئیا، آئی جی پریزنس نے کہاکہ تلنگانہ میں نہ صرف اچھی سہولتوں کے ساتھ ماڈرن پریزنس ہیں بلکہ ہم قیدیوں کو اچھی غذا اور کپڑے بھی فراہم کرتے ہیں۔ قیدیوں کی کمائی کو ان کے لئے کھولے گئے بینک اکاؤنٹس میں جمع کیا جاتا ہے اور اس جمع شدہ رقم کو وہ ان کی رہائی کے وقت نکال سکتے ہیں۔