حیدرآباد۔ صنعتی اداروں کی تنظیم فیڈریشن آف انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ میں لاک ڈاؤن نافذ نہ کریں کیونکہ اس سے معیشت پر اثر پڑیگا۔ فیڈریشن صدر اودئے شنکر نے چیف منسٹر کو مکتوب روانہ کیا اور کہا کہ کورونا پر قابو پانے ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور کوویڈ قواعد پر سختی سے عمل ہو۔ مکتوب میں کہا گیا کہ پہلی لہر کے بعد سے ریاست میں معاشی اور تجارتی سرگرمیاں بتدریج بحال ہورہی ہیں۔ گذشتہ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں معاشی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی تھیں۔ اب جبکہ صورتحال بتدریج معمول پر آرہی ہے لہذا دوبارہ لاک ڈاؤن یا کسی تحدیدات سے معاشی سرگرمیوں پر اثر پڑیگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں لاک ڈاؤن یا اس طرح کا کوئی فیصلہ تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کو پھر ایک بار متاثر کردے گا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ عوام میں کوویڈ قواعد کے بارے میں شعور بیدار کیا جائے کیونکہ قواعد پر عمل آوری کے ذریعہ وباپر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کورونا قواعد کی خلاف ورزی پر چالانات عائد کرنے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ حکومت کی سطح پر ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ فیڈریشن صدر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ماسک کے استعمال کے علاوہ سماجی فاصلہ کی برقراری اور شخصی صحت و صفائی پر توجہ دیں۔