حیدرآباد یکم اپریل (یواین آئی) تلنگانہ میں لاک ڈاون پر سختی سے عمل کیاجارہا ہے ۔ لاک ڈاون کے دوران شام 6بجے تا صبح 6 بجے تک مکمل کرفیو نافذ ہے اور کسی بھی شخص کو گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔ کئی مصروف ترین علاقے سنسان ہوگئے ہیں۔تمام دکانوں کو 6بجے شام ہی بند کردینے کے احکام جاری کردیئے گئے ہیں۔ صبح 6بجے سے شام سات بجے تک صرف ضروری اشیا کی دکانات کو ہی کھلارکھنے کے احکام جاری کئے گئے ہیں۔دکانات میں ضروری اشیاکی خریداری کے لئے لوگوں کا ہجوم دیکھاجارہا ہے ۔اس لاک ڈاون کے نتیجہ میں غریب اور روزانہ کما کر کھانے والے افراد متاثر ہورہے ہیں خاص طورپر آٹو ڈرائیورس، کیب ڈرائیورس ، یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد اور پھیری والے بھی اس لاک ڈاون سے شدیدمتاثر ہوئے ہیں۔ان کا ماننا ہے کہ حکومت کے لاک ڈاون کے نتیجہ میں ان کی روٹی روزی متاثر ہوئی ہے ۔دوسری طرف بعض تنظیموں اور نوجوانوں کی جانب سے پریشان حال افراد،غریبوں اور بے سہارا لوگوں کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر اپنی زندگی گذارنے والوں کے لئے کھانے کا اپنے طور پر انتظام کیاجارہا ہے ۔لاک ڈاون کے نتیجہ میں ضروری اشیا بھی کافی مہنگی ہوگئی ہیں۔سبزیاں اور دیگر گھریلو سامان کی قیمتیں آسمان کو چھورہی ہیں۔
