حیدرآباد12مئی (یواین آئی) تلنگانہ میں لاک ڈاون پر مزید سختی سے عمل کیاجارہا ہے ۔ گذشتہ روز 70سے زائد مثبت معاملات کے سامنے آنے کے بعد حکام چوکس ہوگیا ہے اور لاک ڈاون پر مزید سختی سے عمل کیاجارہا ہے اور اس موذی مرض کو پھیلنے سے روکنے کے لئے حکومت نے اقدامات میں شدت پیداکردی ہے ۔امراض شش اور انفلوئیزا سے متاثر افراد کی صحت پر نظر رکھی جارہی ہے ۔بڑے پیمانہ پر نگرانی کی حکمت عملی حکومت نے اختیار کی ہے تاکہ ان کورونا معاملات کا پتہ چلایاجاسکے جن کا پتہ ہنوز نہیں چلایاجاسکا۔آشا ورکرس اور مڈ وائفری ورکرس کے ساتھ ساتھ اے این ایم ورکرس گھر گھر سروے کا کام انجام دے رہے ہیں۔مشتبہ معاملات کو پرائمری ہیلت سنٹرس سے رجوع کیاجارہا ہے ۔پرائیویٹ اسپتال بھی اس وبا سے لڑنے میں حکومت کی مدد کررہے ہیں۔یہ اسپتال نمونیا اور امراض شش کے متاثرین کی تفصیلات سے محکمہ صحت کے حکام کو واقف کروارہے ہیں۔بعض پرائیویٹ اسپتال لعاب اور خون کے نمونے نمونیا اور امراض شش کے مریضوں سے حاصل کررہے ہیں۔