حیدرآباد : تلنگانہ میں لاک ڈاؤن یا کرفیو کے نفاذ کی کوئی تجویز حکومت کے زیر غور نہیں ہے ۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس نے یہ وضاحت کی ۔ میڈیا کے نمائند وں سے بات کرتے ہوئے سرینواس راؤ نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کورونا کے کیسیس میں حالیہ دنوں اضافہ ہوا ہے ۔ طلبہ کے ذریعہ گھر والوں میں کورونا کے پھیلنے کے اندیشہ کے تحت سرپرستوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پازیٹیو کیسیس میں اضافہ کو کورونا کی دوسری لہر قرار دیا جارہا ہے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا پر قابو پانے کیلئے حکومت سے تعاون کریں ۔ ہر ایک کو لازمی طور پر ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا چاہیئے ۔ اسی دوران یہ بھی اطلاعات ہیں کہ ریاست میں کورونا کیسیس میں اضافہ پر حکومت اسکولوں اور کالجوں کو بند کرنے سے متعلق جلد ہی کوئی فیصلہ کرسکتی ہے ۔ محکمہ صحت کا عملہ ریاست بھر میں طلبہ اور اسٹاف کی ٹسٹنگ کررہا ہے ۔ اعداد و شمار ترتیب دیئے جارہے ہیںجس پر چیف منسٹر کوئی فیصلہ کرسکتے ہیں ۔