تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات کے لئے آج اعلامیہ کی اجرائی

   

۔17حلقوں میں رائے دہی کے لئے تمام انتظامات کو قطعیت ‘ چیف الکٹورل آفیسر رجت کمار کا بیان

حیدرآباد ۔ 17 ؍ مارچ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات کے لئے 18 مارچ مارچ کو الیکشن نوٹیفکیشن جاری کیا جائیگا ۔ جس کے ساتھ ہی پرچہ جات نامزدگیوں کے ادخال کا آغاز ہوگا ۔ تلنگانہ میں 11؍ اپریل کو 17 لوک سبھا حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے ۔لوک سبھا انتخابات کے سلسلہ میں تمام تر انتظامات مکمل کرلیئے گئے ہیں ۔ فہرست رائے دہندگان میں ضروری ترمیمات کی جا رہی ہیں ۔ اور جاریہ ماہ 25 ؍مارچ کو قطعی ووٹر لسٹ جاری کی جائیگی ۔ تلنگانہ ریاستی چیف الکٹورل آفیسر رجت کمار نے یہ بات بتائی اور کہاکہ 18 مارچ سے پرچہ جات نامزدگیوں کے ادخال کا آغاز ہوگا ۔ جو کہ 25 مارچ تک قبول کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ووٹر لسٹ میں نئے نام درج کئے جانے کے بعد توقع ہے کہ ریاست میں رائے دہندوں کی جملہ تعداد تین کروڑ تک ہوسکتی ہے ۔ پرچہ جات نامزدگیوں کے ادخال کا عمل مکمل ہونے کے ساتھ ہی 28 مارچ سے گھر گھر ووٹر سلپس کی تقسیم کا آغاز ہوگا ۔ اگر کسی وجہ سے ووٹر سلپ حاصل نہ ہونے کی صورت میں رائے دہندوں کو پریشان ہونے کی ہرگز ضرورت نہیں ۔ کیونکہ ووٹر لسٹ میں نام کی موجودگی پر مرکزی الیکشن کمیشن کے رہنمایانہ ہدایات کی روشنی میں 12 مختلف شناختی کارڈز کے منجملہ کوئی ایک شناختی کارڈ ساتھ رکھتے ہوئے اپنے حق رائے دہی سے پھر پور استفادہ کرسکتے ہیں ۔ مسٹر رجت کمار نے کہاکہ ریاست بھر میں تمام رائے دہندوں کو الیکشن شناختی کارڈ اور ووٹر سلپس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی افراد اپنا ووٹر شناختی کارڈ کھو چکے ہوں تو وہ دوبارہ می سیوا سنٹر کے ذریعہ صرف 25 روپئے کی ادائیگی کے ذریعہ اپنا نیا ووٹر شناختی کارڈ حاصل کرسکتے ہیں ۔ اور 25 روپئے سے زائد رقم ادا نہ کرنے کا مسٹر رجت کمار ریاستی چیف الکٹورل آفیسر تلنگانہ نے ریاست کے رائے ہندو ں کو مشورہ دیا ۔ انہوں نے بتایاکہ گذشتہ ماہ 22 فبروری سے اب تک جملہ نئے ووٹروں کے لئے اور مراکز رائے دہی کی تبدیلی کے لئے جملہ 6,68,858 درخواستیں وصول ہوئیں جن کے منجملہ 4,72,519 درخواستوں کی یکسوئی کرلی گئی ۔ اور ماباقی 1,70,168 درخواستوں کی بھی بہت جلد یکسوئی کرلی جائے گی ۔ ریاستی چیف الکٹورل آفیسر تلنگانہ نے انتخابات کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔

یا کہ ریاست میں 34,603 بوتھ لیول آفیسر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ فی الوقت ریاست میں جملہ 41,356 وی وی پیاٹس دستیاب ہیں ۔ لیکن اب لوک سبھا انتخابات کے لئے خصوصی طور پر 17131 الیکٹرانک ووٹنگ مشینس 13,064 کنٹرول یونٹس کے علاوہ 13,982 وی وی پیاٹس ای سی آئی ایل سے منگوائے گئے ہیں ۔ اور ان تمام مشینوں کو سدی پیٹ‘ کمرم بھیم آصف آباد ‘ منچریال ‘ راجنا سرسلہ ‘ سنگاریڈی ‘ جوگولامیا گدوال ‘ جنگاوں ‘ محبوب آباد ‘ ورنگل رورل ‘ ورنگل اربن ‘ وقارآباد ‘ محبوب نگر ‘ سوریاپیٹ ‘ ڈسٹرکٹس میں استعمال کیا جائیگا ۔ جبکہ دیگر اضلاع میں بیل کمپنی کے مشین استعمال کئے جا رہے ہیں ۔ مسٹر رجت کمار نے مزید بتایا کہ ریاست میں آئندہ ماہ منعقد ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لئے 1,85,701 لاکھ سرکاری عہدیداروں و ملازمین کی خدمات سے استفادہ کیا جا رہا ہے ۔ اور مجوزہ لوک سبھا انتخابات کو مکمل طور پر منصفانہ و پرامن بنانے کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایاکہ انتخابات کے لئے جملہ 43,801 پریسائیڈنگ آفیسر 43,753 اسسٹنٹ پریسائیڈنگ آفیسرس کے علاوہ 9,541 مائیکرو آبزرورس اور 88,806 دیگر اسٹاف کو تعینات کیا جا رہا ہے ۔ شہری علاقوں میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کرنے کے لئے سبھی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ مسٹر رجت کمار نے کہاکہ ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی کے ساتھ عمل آوری کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔