اضلاع اور دونوں شہروں میں وقفہ وقفہ سے بارش ، جی ایچ ایم سی کے ایمرجنسی اسکواڈ چوکس
حیدرآباد۔28جولائی (سیاست نیوز) شہر میں گذشتہ دو یوم سے جاری ہلکی اور تیز بارش کے سبب شہر حیدرآباد میں موسم خوشگوار ہوچکا ہے لیکن دو یوم کی بارش وہ بھی ہلکی اور تیز نے ہی شہر کی سڑکوں کو بہا کرلے جانا شروع کردیا ہے۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بارش کے پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے علاوہ پانی جمع ہونے کے مقامات پر ایمرجنسی اسکواڈ کی تعیناتی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں بارش کے سبب بہنے والی سڑکوں پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے جو کہ شہریوں کے لئے انتہائی تکلیف دہ ہے اور سڑکوں پر پڑنے والے کھڈ وں کو فوری طور پر بند کیا جانا ناگزیر ہے کیونکہ اس طرح کے کھڈ حادثات کا بھی سبب بن رہے ہیں۔کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے سڑکوں پر پانی جمع ہونے دینے سے روکنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن اس مسئلہ پر بھی فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے اور اس بات پر توجہ دینا لازمی ہے کہ شہر میں بارش کے تھمنے کے فوری بعد سڑکوں پر جمع ریت کو ہٹانے کے اور صاف کرنے کے اقدامات کئے جانے چاہئے کیونکہ سڑکوں پر جمع ہونے والی اس ریت سے بھی کئی حادثات پیش آتے ہیں لیکن اس مسئلہ کو بھی صفائی عملہ کی جانب سے نظر انداز کیا جاتا ہے کیونکہ ریت کی صفائی صفائی عملہ کے لئے مشکل ہوتی ہے ۔ سڑکوں پر بہہ کر جمع ہونے والی مٹی ‘ ریت اور بارش کی وجہ سے پرنے والے گڑھے شہریوں کے لئے تکلیف کا سبب بنتے ہیں۔ معمولی بارش کے دوران بھی سڑکوں کے بہہ جانے کے واقعات پر شہریوں کی جانب سے متعدد مرتبہ برہمی کا اظہار کیا جاچکا ہے اور سابق میں کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر دانا کشور نے سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کے معیار کی جانچ کے لئے کمیٹی کی تشکیل کا بھی اعلان کیا تھا لیکن اس کمیٹی کی اب تک کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کے باوجود ایک ہی بارش میں بہہ جانے والی سڑکوں کی تعمیرکرنے والے کنٹراکٹرس کے خلاف کوئی کاروائی کی گئی۔
