تلنگانہ میں مانسون کی آج آمد متوقع

   

اس سال بھی مانسون معمول کے مطابق رہنے کی پیش قیاسی
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں کل 16 جون کو مانسون کی آمد متوقع ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان یووا کے گجرات ساحل سے گذرنے کے بعد مانسون میں پیشرفت ہوئی ہے ۔ 16 جون تک تلنگانہ کے کئی اضلاع میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کی وارننگ جاری کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے یہ بھی توقع ظاہر کی کہ 16 جون کے بعد تلنگانہ میں مانسون داخل ہوجائے گا اور آندھرا پردیش میں بھی اس وقت مانسون سرگرم ہوگا ۔ محکمہ موسمیات کے عہدیدار مکند راؤ نے کہا کہ آئندہ 3 دن تک ساحلی آندھرا میں گرمی برقرار رہے گی اور تلنگانہ میں مزید دو دن گرمی رہے گی ۔ اس سال مانسون معمول کے مطابق رہے گا ۔ قبل ازیں محکمہ موسمیات نے 12 جون کو مانسون کی آمد کی پیش قیاسی کی تھی لیکن طوفان یووا نے مانسون کی پیشرفت میں رکاوٹ پیدا کردی ۔ اس کی وجہ سے حیدرآباد اور تلنگانہ کے دیگر اضلاع میں گرمی میں شدت پیدا ہوئی ۔ تلنگانہ کے اضلاع عادل آباد ، نرمل ، نظام آباد ، جگتیال ، منچریال ، کریم نگر ، کاماریڈی ، کھمم ، محبوب آباد میں گرمی کی لہر برقرار ہے ۔