تلنگانہ میں مانسون کی آمد میں ایک ہفتے کی تاخیر

   

حیدرآباد 11 جون (سیاست نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق تلنگانہ میں مانسون کی آمد میں ایک ہفتہ تاخیر ہوگی ۔ بیپرجوائے طوفان کے سرگرم ہونے سے تاخیر ہو رہی ہے۔ بیشتر اضلاع میں آئندہ ہفتہ درجہ حرارت 40 تا 42 ڈگری ریکارڈ ہونے کا امکان ہے جبکہ دونوں شہروں میں درجہ حرارت 36 تا 38ڈگری ہونے کی پیش قیاسی ہے۔ اضلاع و شہر میں اچانک ابر اور بارش پر ماہرین نے بتایا کہ طوفان کے اثر اور موسمی تبدیلی کے سبب یہ بارشیں ہورہی ہیں جو مانسون کی بارش نہیں ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ میڑچل ۔ملکاجگری‘ رنگاریڈی و دیگر اضلاع میں آئندہ ہفتہ 41 تا43ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ ہوسکتا ہے ۔ خانگی ماہرین کے مطابق تلنگانہ کے اضلاع اور شہروں میں 12 جون تا 19جون گرم ہوائوں کا سلسلہ شروع ہوگا اور لو لگنے کے واقعات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ موسمی تغیرات اور طوفان سے ماہ جون میں بارشیں متاثر ہوں گی جس کی وجہ سے آئندہ ہفتہ بھی موسم گرما کی طرح گرمی کی شدت برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔ دونوں شہروں میں جاریہ ہفتہ درجہ حرارت 36 تا 39 ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا گیا ہے اور آئندہ ہفتہ میں بھی درجہ حرارت میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئے گی ۔