اضلاع میں ہلکی و تیز بارش کا سلسلہ جاری، مطلع ابر آلود رہے گا
حیدرآباد۔8۔ ستمبر۔ (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں مانسون 20 ستمبر تک سرگرم رہے گا اور مختلف اضلاع میں ہلکی اور تیز بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے موسم کے متعلق ماہرین موسمیات بالخصوص خانگی ماہرین کا کہناہے کہ آئندہ ایک ہفتہ کے دوران شہر میں مطلع ابرآلود رہے گا اور درجہ حرارت معمول کے مطابق رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے شمالی اضلاع اور جنوبی اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا لیکن موسلادھار بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں آئندہ 10تا12 یوم کے دوران موسم میں کوئی خاص تبدیلی رونما ہونے کے امکانات نہیں ہیں اور شہر کے بیشتر علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کے امکانات موجود رہیں گے۔ریاست تلنگانہ کے شمالی اور جنوبی اضلاع میں جاری بارشوں کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ مسلسل موسلادھار بارش کے امکانات نہیں ہیں لیکن اضلاع میں بھی وقفہ وقفہ سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے سرحدی اضلاع میں آئندہ دو یوم کے لئے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران ریاست کے اضلاع بھدادری کتہ گوڑم‘ آصف آباد کمرم بھیم ‘ منچریال ‘ نرمل ‘ نظام آباد کے علاوہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کے امکانات ہیں۔خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں پیدا ہونے والی کمی کے سبب تلنگانہ میں بارش کے امکانات میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاتھا لیکن اب یہ دباؤ ختم ہونے کے نتیجہ میں بادلوں کا رخ اوڈیشہ کی سمت بڑھنے لگا ہے اور آئندہ چند یوم کے دوران اوڈیشہ میں موسلادھار بارشوں کا امکان پایا جاتا ہے۔