منتخب نمائندوں اور عوام کو محفوظ رکھنے کی حکمت ،پوسٹرس کی تقسیم
حیدرآباد /7 ستمبر ( سیاست نیوز ) ریاست تلنگانہ کے ماوسٹ اثر والے مقامات پر پولیس نے نئی حکمت عملی کا آغاز کردیا ہے ۔ ماوسٹ متاثرہ علاقوں میں پوسٹرس کی تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے ۔ گذشتہ چند عرصہ سے ماوسٹ سرگرمیوں میں اضافہ کے بعد سے پولیس چوکس ہوگئی ہے ۔ ایک طرف عوامی منتخبہ نمائندوں کو باور کیا جارہا ہے تو دوسری طرف عوام کی مدد حاصل کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ ماوسٹوں کے اثرات کو کم کیا جاسکے اور تلنگانہ میں انہی دوبارہ سرگرم ہونے سے روکا جاسکے ۔ بدلتی سیاسی تصویر اور ملک کے موجودہ حالات مہنگائی ،بے روزگاری ، ناانصافی اور حق تلفی اور فسطائیت کا زور ماوسٹوں کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے خدشات سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا ۔ آج ملگ سب ڈیویژن حدود میں اے ایس پی کی جانب سے ماوسٹ قائدین پر مشتمل پوسٹرس کی اجرائی عمل میں لائی گئی ۔ سرکردہ اور سرگرم ماوسٹ قائدین کی اطلاعات پر مبنی پوسٹرس کو ملگ سب ڈیویژن میں جگہ جگہ لگایا جائے گا اور سب ڈیویژن کے ہر چھوٹے دیہات میں پوسٹرس کی تنصیب کی جائے گی ۔ پولیس نے عوام کو انعامات کی سوغات دیتے ہوئے ان قائدین کی سرگرمیوں کی اطلاع فراہم کرنے کی درخواست کی ہے ۔ پوسٹرس پر فون نمبرات بھی درج ہیں اور پولیس نے فوری اس کی اطلاع دینے والے کو معقول انعامات اور معاوصہ دینے کا وعدہ کیا اور اطلاع فراہم کرنے والوں کی شناخت کو راز میں رکھنے کی طمانیت بھی دی ہے ۔ تاہم پولیس کے مخبر ہونے کے شبہ پر گذشتہ دنوں ماوسٹوں نے ایک نائب سرپنچ کا قتل کیا تھا جس کے سبب عوام میں بالخصوص پولیس مخبروں میں خوف و دہشت پائی جاتی ہے ۔ نائب سرپنچ کے قتل کے ذریعہ ماوسٹوں نے پولیس سے قبل ہی مخبروں کو سخت پیغام دے دیا ہے ۔ ملگ سب ڈیویژن کے اے ایس پی نے نوجوانوں کو اپنی تعلیم اور روشن مستقبل پر توجہ دینے کی درخواست کی ہے اور انہیں ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلایا ہے ۔تاکہ نوجوان نسل کو ماوسٹ تحریک سے متاثر ہونے سے روکا جاسکے ۔ ع