محکمہ فوڈ سیفٹی کی سفارش پر وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا کا اعلان
حیدرآباد۔30 اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ محکمہ صحت نے چہارشنبہ کو اہم فیصلہ کرتے ہوئے کھانے کے شوقین عوام کی پسندیدہ ’’مایونیز‘‘ پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فوڈ سیفٹی عہدیداروں کے جائزہ کے بعد ریاستی وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا نے اس فیصلے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلہ میں فوڈ سیفٹی کمشنر نے احکامات جاری کردیا ہے۔ ریاست کے ہوٹلوں، فوڈ اسٹالس پر مسلسل دھاوے کرنے والے متعلقہ محکمہ کے عہدیداروں نے ریاستی وزیر صحت سے ملاقات کرتے ہوئے اپنی رپورٹ پیش کی ہے۔ وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا نے ریاست میں 3 نئے فوڈ ٹسٹنگ لیابس، 5 موبائیل فوڈ سیفٹی لیابس قائم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ غیر معیاری غذا کے استعمال سے کئی لوگ شدید بیمار ہوئے جس کا سنجیدگی سے جائزہ لینے کے بعد حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ مایونیز کو زیادہ تر مندی، بریانی، کباب، پیزا، برگر، سینڈوچ اور دیگر کھانوںمیں بطور چٹنی استعمال کیا جاتا ہے۔ حالیہ دنوں میں سمیت غذا کے استعمال سے کئی افراد بیمار ہوکر ہاسپٹلس میں زیر علاج ہیں جس کے بعد جی ایچ ایم سی کا متعلقہ شعبہ متحرک ہوگیا۔ بار بار توجہ دلانے کے باوجود ہوٹلس اور ریستوران کے رویہ میں کوئی تبدیلی کو نہ دیکھتے ہوئے مایونیز پر پابندی عائد کرنے کا مکتوب روانہ کرتے ہوئے حکومت سے اجازت طلب کی گئی تھی۔ بنجارہ ہلز میں ’’موموس‘‘ کھانے کے بعد ایک خاتون کی موت کا بھی حکومت نے سخت نوٹ لیا ہے۔ 2