مریضوں کے علاج کے انتظامات ، عہدیداروں کو ضروری ہدایت ، وزیر صحت ایٹالہ راجندر کا اجلاس
حیدرآباد۔ کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ایک مرتبہ پھر سے چوکسی اختیار کرنے پر مجبور کردیا ہے ۔ وزیر صحت تلنگانہ مسٹر ایٹالہ راجندر نے آج عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے تلنگانہ کے تمام اضلاع میں کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت دی اور کہا کہ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج و معالجہ کیلئے کئے جانے والے انتظامات میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں کی جائے گی بلکہ عصری آلات اور ادویات کا استعمال کرتے ہوئے انہیں بہتر سے بہتر علاج فراہم کیا جائے اور کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ ریاست ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح متاثر ہونے سے محفوظ رہ سکے۔مسٹر ایٹالہ راجندر کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں پرنسپل سیکریٹری جناب سید علی مرتضیٰ رضوی کے علاوہ ڈائریکٹر محکمہ صحت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ اور دیگر موجود تھے۔ عہدیداروں نے بتایاکہ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں موجود ضلع میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر س کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ جن علاقوں میں 2تا3 کورونا وائرس کے مریضوں کی نشاندہی ہوان علاقوں کی نشاندہی ہاٹ اسپاٹ کے طور پر کرتے ہوئے علاقہ کے عوام کے معائنوں کو یقینی بنایا جائے ۔ حکومت کی جانب سے ایک مرتبہ پھر سے کورونا وائرس کے مریضوں کی نشاندہی میں تیزی لانے کے علاوہ کنٹاکٹ ٹریس کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کا جائزہ لیا جائے رہا ہے کہ تاکہ اس بات کا پتہ لگایا جاسکے کہ کورونا وائرس کے متاثرہ شخص تک کورونا وائرس کے پہنچنے کے ذریعہ کا پتہ لگایا جاسکے۔ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستوں مدھیہ پردیش‘ پنجاب‘ جموں و کشمیر کے علاوہ چھتیس گڑھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے ریاست میں چوکسی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاست کرناٹک نے پڑوسی ریاستوں مہاراشٹرا کے علاوہ کیرالہ سے کرناٹک میں داخل ہونے والوں کے لئے کورونا وائرس کے منفی رپورٹ لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ رپورٹ ساتھ رکھنا لازمی کیا گیا جنہوں نے گذشتہ 15 یوم کے دوران مہاراشٹرا یا کیرالہ کا دورہ کیا ہے۔ حکومت تلنگانہ نے پڑوسی ریاستوں میں اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر کا جائزہ لینے کے بعد عہدیداروں کو اس بات کی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ کسی بھی طرح کی کوتاہی نہ کریں اور کورونا وائرس کے شکار افراد کے کنٹاکٹ تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ ڈائریکٹر محکمہ صحت ڈاکٹر جی سرینواس نے بتایا کہ معائنوں کی تعداد کو بھی کم کیا گیا تھا لیکن اب دوبارہ ان میں اضافہ کیا جائے گا۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ میں 14 ہزار 744کورونا وائرس کے معائنہ کئے گئے جن میں 11 ہزار647 معائنہ سرکاری دواخانوں میں کئے گئے جبکہ 3097 معائنہ خانگی طور پر کروائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے سرکاری دواخانو ںمیں 8577 کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے مخصوص بستروں میں 8197 بستر خالی ہیںجو کہ 62 سرکاری دواخانوں میں ہیں جبکہ خانگی دواخانوں میں موجود جملہ 7615 بستروں میں 6939 بستر خالی ہیں جو کہ جملہ 216 خانگی دواخانوں میں ہیں۔