چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت، رکاوٹیں دور کرنے اور ریکارڈ محفوظ کرنے کے اقدامات
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاست بھر میں موجود ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے چیک پوسٹ فوری بند کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے اور فوری اثر کے ساتھ تمام اضلاع میں ٹرانسپورٹ کے چیک پوسٹ برخواست کردیئے گئے ۔ چیف منسٹر نے چیک پوسٹوں کی برخواستگی سے متعلق کارروائی کے بعد شام تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ کمشنر ٹرانسپورٹ نے چیک پوسٹ کی برخواستگی کے ذریعہ وہاں پر تعینات اسٹاف کی خدمات سرکاری کام کاج میں استعمال کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ ضلع ٹرانسپورٹ دفاتر کو ہدایت دی گئی کہ وہ سڑکوں پر بورڈس اور بیریکیٹس فوری ہٹادیں اور ٹریفک کے بآسانی بہاؤ کو یقینی بنایا جائے۔ چیک پوسٹ کا تمام ریکارڈ ، آلات اور فرنیچر کو ضلع دفاتر منتقل کیا جائے۔ عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ مالیاتی اور انتظامی ریکارڈس کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں محفوظ کردیں۔ کمشنر ٹرانسپورٹ نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ مختلف زبانوں میں نئے بورڈ آویزاں کریں جس پر چیک پوسٹ کی برخواستگی اور آن لائین خدمات کے بارے میں تفصیلات درج کی جائے۔ چیک پوسٹ پر موجود اسٹاف کو متعلقہ ڈپٹی ٹرانسپورٹ کمشنر دفتر میں تعینات کیا جائے۔ چیک پوسٹ پر موجود کیاش بکس ، رسپٹس اور چالانات کو محفوظ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کمشنر ٹرانسپورٹ نے چیک پوسٹس کی برخواستگی کا عمل شام تک مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔1