تلنگانہ میں مختلف شعبہ جات کیلئے خصوصی ریلیف پیاکیج ضروری

   

کورونا کے پھیلاؤ کیلئے حکومت ذمہ دار، جی نارائن ریڈی کا استدلال
حیدرآباد۔/14 مئی، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے خازن جی نارائن ریڈی نے ریاستی حکومت سے لاک ڈاؤن سے متاثرہ خاندانوں کیلئے خصوصی ریلیف پیاکیج کا مطالبہ کیا جس طرح کہ مرکزی حکومت نے مختلف شعبوں کیلئے پیاکیج کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نارائن ریڈی نے کہا کہ حکومت لاک ڈاؤن کے متاثرہ شعبوں کی امداد میں ناکام ہوچکی ہے۔ نارائن ریڈی کی جانب سے سکندرآباد اسمبلی حلقہ کے مختلف علاقوں میں ماسک اور سینٹائزرس کی مفت تقسیم عمل میں آئی۔ انہوں نے 22 مارچ کو لاک ڈاؤن کے نفاذ کے باوجود کورونا وائرس کے کیسس میں اضافہ کیلئے ریاستی حکومت کو ذمہ دار قرار دیا۔ وزیر صحت نے ابتداء میں بیرونی ممالک سے آنے والے افراد کو ذمہ دار قرار دیا تھا بعد میں انہیں نظام الدین تبلیغی مرکز کے لوگ ذمہ دار دکھائی دیئے۔ اب وہ غریب مائیگرنٹ ورکرس کو وائرس کے پھیلاؤ کیلئے ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ وزیر صحت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے بے قصوروں اور غریبوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت مقررہ وقت پر کورونا کے احتیاطی قدم اٹھانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی رعایتوں کے سلسلہ میں کے سی آر کا موقف غیر واضح ہے۔ حکومت نے مختلف شعبوں کی سرگرمیوں کی بحالی کیلئے کوئی منصوبہ تیار نہیں کیا ہے۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ اگر لاک ڈاؤن کو عوام کی مدد کے بغیر جاری رکھا گیا تو غریب فاقہ کشی کا شکار ہوجائیں گے۔