تلنگانہ میں مردم شماری کے ساتھ این پی آر

   

حکومت کے جی او میں عدم تذکرہ ، ڈائرکٹر سنسیس آپریشن کے احکامات
حیدرآباد۔14فروری(سیاست نیوز) تلنگانہ میںاین پی آر ہوگا اور مردم شماری کے ساتھ ہی این پی آر کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر سنسیس آپریشنس تلنگانہ مسٹر کے الامبھرتی کی جانب سے 13فروری کو تمام عہدیداروں کے نام جاری کردہ مکتوب میں اس بات کی وضاحت کردی گئی ہے کہ مردم شماری 2021 میں خدمات انجام دینے والے تمام ضلع و انچارج عہدیداروںکی ہاؤز لسٹنگ اور مردم شماری کے علاوہ این پی آر کی تیاری کیلئے دوروزہ تربیت فراہم کی جائے گی۔ ڈائریکٹوریٹ آف سنسیس آپریشنس تلنگانہ کی جانب سے جاری کردہ اس مکتوب میں ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے سرکاری احکام جی او ایم ایس 235 جو کہ 9نومبر 2019کو جاری کیا گیا ہے اس کا حوالہ دیتے ہوئے شمارکنندگان کے تقرر کے سلسلہ میں ہدایات جاری کی گئی ہیں۔اس مکتوب میں کہا گیا ہے کہ ہاؤز لسٹنگ‘ مردم شماری کے ساتھ نیشنل پاپولیشن رجسٹر کی یکم اپریل تا30 ستمبر میں مکمل کیا جائے گا۔ مردم شماری جو 10سال میں ایک مرتبہ ہوتی ہے اس مرتبہ مردم شماری کے ساتھ این پی آر کا کام بھی انجام دیا جائے گا۔ مسٹر کے الامبھرتی نے اپنے مکتوب میں بتایا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے جاری کردہ جی او ایم ایس نمبر 235 میں اس بات کی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ مردم شماری کے عمل میں حصہ لینے والے عہدیداروں کے تقرر اور ان کے اپنے علاقوں میں مامور کیا جائے تاکہ مردم شماری اور این پی آر کا عمل مکمل کیا جاسکے۔ڈائریکٹر مردم شماری کے مکتوب میں اس بات کی صراحت بھی موجود ہے کہ مردم شماری اور این پی آر کی تیاری کے لئے بنیادی ذمہ داریوں سے عہدیدارو ںکو واقف کروایا جائے گا اور پرنسپل سنسیس آفیسر کی نگرانی میں انہیں خدمات انجام دینی ہوگی۔ مردم شماری کیلئے شمار کنندگان کے علاوہ دیگر عہدیداروں کی خصوصی تربیت کے سلسلہ میں احکامات کا اس مکتوب میں حوالہ دیا گیا ہے۔انہوںنے اپنے تمام ماتحتین کو اس بات کی ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں 2روزہ مردم شماری کی تربیت کا اہتمام کریں اور اس تربیت کا اہتمام فروری کے آخری ہفتہ میں کرتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں و شمار کنندگان کو بنیادی تفصیلات فراہم کردی جائیں۔انہوں نے تمام پرنسپل سنسیس آفیسرس یعنی ضلع کلکٹرس و آرڈی او کو روانہ کردہ مکتوب میں یہ واضح کیا کہ جلد از جلد شمار کنندگان کی تربیت انجام دینے والوں کے نام اور ان کے عہدوں کی تفصیلات ڈائریکٹوریٹ آف سنسیس آپریشنس کو روانہ کی جائیں اور اس بات سے بھی مطلع کیا جائے کہ ان کی تربیت کا انتظام کہاں کیا جارہا ہے۔ریاست تلنگانہ میں مردم شماری کے ساتھ این پی آر کے انعقاد کے سلسلہ میں ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری کردہ ان احکامات کی نقول پرنسپل سیکریٹری جی اے ڈی کو بھی روانہ کردی گئی ہے۔ 13فروری کو جاری کردہ ان احکامات میں واضح طور پر یہ کہا جا رہاہے کہ ریاست تلنگانہ میں مردم شماری کے ساتھ این پی آر کا کام بھی انجام دیا جا نے والا ہے اور اس کے لئے عہدیداروں کی تربیت یقینی بنائی جائے اور تمام عہدیداروں اور پرنسپل سنسیس آفیسر کو ڈائریکٹر سنسیس آپریشن کی ہدایات کے مطابق کام کرنے کا پابند کیا جائے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے 11 فروری کو جاری کردہ جی او میں حکومت نے مردم شماری کی تفصیلات پیش کی ہیں اور این پی آر کے سلسلہ میں کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا لیکن ڈائریکٹوریٹ آف سنسیس آپریشنس تلنگانہ کی جانب سے 13فروری کو جاری کردہ احکامات میں این پی آر کا واضح تذکرہ موجود ہے۔