تلنگانہ میں مزید 119اقامتی گروکل اسکولس کھولے جائیں گے

   

حیدرآباد 10 مئی ( یو این آئی) تلنگانہ میں مزید 119اقامتی گروکل اسکولس کھولے جائیں گے ۔حکومت ہر اسمبلی حلقہ میں ایسا ایک اسکول قائم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔نئے اسکولس کے قیام کے بعد ریاست میں ایسے اسکولس کی تعداد 959 تک جاپہنچے گی۔انتخابی ضابطہ اخلاق کے اختتام کے بعد ان اسکولس میں مزید دو ہزار سے زائد افراد کی تقرری کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیاجائے گا۔کے جی تاپی جی مفت تعلیم کے لئے تلنگانہ حکومت نے گروکل اسکولس کاقیام عمل میں لایا۔ریاست تلنگانہ کے قیام سے پہلے 298اقامتی اسکولس تھے تاہم تلنگانہ کوریاست کا درجہ ملنے کے بعد گروکل اسکولس کی تعداد پر حکومت نے خصوصی توجہ مرکوز کی اور مختلف گروپس کیلئے علحدہ علحدہ گروکل اسکولس کا قیام عمل میں لایا۔اب تک حکومت نے 104ایس سی، 51ایس ٹی گروکل اسکولس کا قیام مرحلہ وار انداز میں عمل میں لایا۔ 192 مائناریٹی، 142بی سی گروکل اسکولس بھی قائم کئے گئے ۔ ان میں اب تک تین لاکھ60ہزار سے زائد طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔حکومت کی جانب سے قبل ازیں کے 35 ریزیڈنشیل اسکولس کو جونیر کالج کی سطح تک کردیاگیا۔ ان کے ساتھ ساتھ ایس سی، ایس ٹی، بی سی طبقہ کے طلبہ کے لئے خصوصی اقامتی ڈگری کالجس کا بھی قیام عمل میں لایاگیا۔ایس سی کیلئے 30،ایس ٹی کیلئے 22، بی سی کے لئے ایک ڈگری کالج کا قیام عمل میں لایاگیا۔ان میں تقریبا30ہزار طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔اب حکومت نے مزید 119بی سی گروکل اسکولس قائم کرنے کافیصلہ کیا ہے ۔جاریہ سال جون سے ا ن میں تدریس کی شروعات کا منصوبہ ہے ۔ان اسکولس کی پانچویں تا آٹھویں جماعتوں میں داخلے دئیے جائیں گے ۔نئے قائم کئے جانے والے گروکل اسکولس میں 28 ہزار 960طلبہ کو داخلہ دیاجائے گا۔ حکومت نے ان اسکولس کے قیام کے لئے مساعی شروع کردی ہے ۔اسمبلی حلقوں میں ان اسکولس کے لئے عمارتوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کو کرائے پر حاصل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے ۔نئے گروکل اسکولس کہاں قائم کئے جائیں اس پر مقامی رکن اسمبلی سے ربط پیداکرتے ہوئے موزوں فیصلہ کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے ۔تعلیمی سال کے آغاز سے پہلے تک عمارتوں کو حاصل کرنے کاکام مکمل کرتے ہوئے ان اسکولس کے قیام کے لئے تیار رہنے کا بھی نشانہ رکھا گیا ہے ۔ ضابطہ اخلاق کے اختتام کے بعد اساتذہ کی تقرری کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیاجائے گا۔ساتھ ہی گروکل رکروٹمنٹ بورڈ کے ذریعہ دو ہزار سے زائد افراد کی تقرری کا امکان ہے ۔نئے قائم کئے جانے والے 119گروکل اسکولس کو ملالیاجائے تو ریاست میں جملہ گروکل اسکولس کی تعداد 959تک جاپہنچے گی اور طلبہ کی تعداد 4لاکھ 19ہزارہوجائے گی۔