حیدرآباد: تلنگانہ کے انفارمیشن ٹکنالوجی اور صنعت کے وزیر کے ٹی۔ راما راؤ نے اتوار کو کہا کہ وزیر اعلٰی کے چندر شیکھر راؤ نے 16 نئے میڈیکل کالجوں کو منظوری دے کر ریاست میں طبی تعلیم کو وسعت دی ہے، جب کہ مزید 13 میڈیکل کالجوں کے قیام کی تجاویز پر کام جاری ہے۔ چیف منسٹر کے بیٹے راما راؤ نے کہا کہ 2014 میں الگ ریاست (تلنگانہ) کی تشکیل سے قبل اس خطہ میں صرف پانچ سرکاری میڈیکل کالج قائم تھے ایک ٹویٹ میں، انہوں نے کہا، “تلنگانہ کے وزیر اعلی کے. چندر شیکھر راؤ طبی تعلیم کے میدان میں تاریخ رقم کررہے ہیں۔ 2014 سے پہلے 67 سالوں میں تلنگانہ میں صرف پانچ ریاستی میڈیکل کالجس قائم ہوئے تھے۔ گزشتہ آٹھ سالوں میں 16 نئے میڈیکل کالجز کے قیام کی منظوری دی گئی ہے اور ہر ضلع میں ایک میڈیکل کالج کی پالیسی کے تحت ایسے مزید 13 ادارے قائم کیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ سنگاریڈی، محبوب آباد، ناگرکرنول، واناپارتھی، راما گنڈم اور جگتیال میں میڈیکل کالجوں کی تعمیر کا کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔