مہالکشمی اسکیم کے استفادہ کنندگان کی تعداد بڑھ کر 44.1 لاکھ ہوگئی ۔ سبسیڈی کیلئے 227.42 لاکھ کروڑ کی اجرائی
حیدرآباد /8 اگست ( سیاست نیوز ) تلنگانہ حکومت سے شروع کی گئی 500 روپئے کی باوقار گیس سلنڈ اسکیم سے مزید 4.60 لاکھ خاندان مستفید ہونگے ۔ ’ مہا لکشمی ‘ اسکیم کے حصے کے طور پر استفادہ کنندگان کی تعداد بڑھ کر 44,10,816 لاکھ خاندانوں تک پہونچ گئی ہے ۔ یہ اسکیم 27 فروی کو شروع ہوئی ۔ تب اس کی تعداد 39,50,884 لاکھ تھی ۔ پرجا پالنا مراکز میں ترمیم کی سہولت فراہم کرنے پر اسکیم سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد میں بھاری اضافہ ہوگیا ہے ۔ محکمہ سیول سپلائیز کے اعداد وشمار کے مطابق ریاستی حکومت نے 5 اگست تک مہا لکشمی اسکیم کے تحت ریاست بھر میں 76.64 لاکھ گیس سلنڈرس کیلئے 227.42 کروڑ روپئے سبسیڈی جاری کی ۔ ریاست بھر میں 1,20,39,994 گیس کنکشن ہیں۔ اس طرح 89.99 لاکھ راشن کارڈس ہیں ۔ جبکہ 91,49,838 لاکھ افراد نے مہا لکشمی اسکیم کیلئے درخواستیں داخل کی ہیں ۔ جن میں 39.50 لاکھ خاندان اہل پائے گئے ۔ درخواستوں میں کچھ کا اندراج نہیں ہوا ۔ چند گھروں میں گیس کے دو کنکشن ہیں۔ چند لوگوں نے سبسیڈی سے دستبرداری اختیار کرلی ۔ چند درخواستوں میں تفصیلات درج نہیں کی گئیں جس سے مستحقین کی تعداد متاثر ہوئی ۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ کثیر تعداد میں عوام کو رعایت اس لئے نہیں ملی کیونکہ انہوں نے درخواست میں یونیک آئی ڈی کی بجائے کنزیومر آئی ڈی تحریر کیا ہے ۔ ہر آئیل کمپنی صارف نمبر کے ساتھ ایک منفرد شناختی کارڈ دیتی ہے جو 17 تا 19 ہندسوں پر مشتمل ہوتا ہے ۔اس نمبر کو درخواست فارم میں تحریر نہ کرنے والے پرجا پالنا مراکز میں ترمیمات کے ساتھ فائدہ اٹھارہے ہیں۔ محکمہ سیول سپلائیز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر آدھار نمبر غلط درج کیا گیا تب بھی اس کو درست کیا جاسکتا ہے ۔ جملہ 44,10,816 لاکھ خاندان گیس سبسیڈی سے استفادہ کر رہے ہیں ۔ استفادہ کنددگان کی زیادہ تر تعداد جی ایچ ایم سی میں ہے ۔ مستفید شہریوں کی تعداد 4,23,993 لاکھ ہے ۔ اس کے بعد نلگنڈہ میں 2,38,251 لاکھ کھمم 2,31,898 لاکھ نظام آباد میں 2,24,865 لاکھ خاندان استفادہ کر رہے ہیں۔ سب سے کم استفادہ کنندگان والے اضلاع میں نارائن پیٹ 60,934 بھوپال پلی 65,258 ونپرتی 73,768 آصف آباد میں74,347 خاندان اس اسکیم سے استفادہ کر رہے ہیں ۔ کمشنر سیول سپلائیز ڈی ایس چوہان نے بتایا کہ بعض اوقات گیس سبسیڈی کی رقم صارفین کے کھاتوں میں جمع ہونے میں چار تا پانچ دن لگ جاتے ہیں ۔ جبکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دو دن میں سبسیڈی کی رقم صارفین کے بنک کھاتوں میں جمع کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ کمشنر محکمہ سیول سپلائیز نے مرکزی وزیر تیل اور قدرتی گیس ہردیپ سنگھ پوری سے اپیل کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ریاستی حکومت سے دی گئی سبسیڈی صارفین کو اندرون 48 گھنٹے مل جائے ۔ 2