تلنگانہ میں مزید 7 کورونا پازیٹیو کیسس کی شناخت

,

   

مریضوں کی تعداد 528 ہوگئی،45 روزہ بچہ صحت یابی کے بعد ڈسچارج
حیدرآباد۔/29 اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ میں کورونا وائرس سے چہارشنبہ کو مزید 7 افراد متاثر پائے گئے جس کے ساتھ ہی ریاست میں کووڈ 19 پازیٹیو کیسس کی مجموعی تعداد1016 تک پہنچ گئی جن کے منجملہ 528 مریض دواخانہ میں زیر علاج ہیں جبکہ 409 صحت یابی کے بعد دواخانوں سے ڈسچارج کئے جاچکے ہیں۔ صحت یاب ہونے والوں میں محبوب نگر کا ایک نومولود لڑکا بھی شامل ہے جو اس وقت کووڈ 19سے متاثر ہونے کے سبب گاندھی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا جب وہ صرف 20دن کا تھا اور آج ڈسچارج کئے جانے کے وقت وہ 45 دن کا ہوچکا ہے۔ باور کیا جاتا ہے کہ ملک بھر میں یہ سب سے کم عمر بچہ ہے جو کورونا وائرس سے متاثر ہوا تھا اور موثر علاج کے سبب کامیابی کے ساتھ صحت یاب بھی ہوچکا ہے۔ وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے کہا کہ کورونا وائرس سے کوئی بھی شخص آج فوت نہیں ہوا، اور تلنگانہ میں متوفیو ں کی مجموعی تعداد 25 ہے۔ انہوں نے کہا کہ 11 اضلاع میں کورونا وائرس کا ایک بھی کیس نہیں ہے۔ اس طرح سدی پیٹ، محبوب آباد، منچریال، نارائن پیٹ، ونپرتی، پداپلی، ورنگل ( دیہی )، بھدرادری ، ناگر کرنول، ملگ اور یادادری اب کورونا وائرس سے پوری طرح پاک ہوچکے ہیں۔