حیدرآباد۔/5 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاست میں مزید 8 گورنمنٹ میڈیکل کالجس کی منظوری دی ہے۔ گدوال، نارائن پیٹ، ملگ، ورنگل، میدک، بھونگیر، رنگاریڈی اور میڑچل ملکاجگیری اضلاع میں نئے گورنمنٹ میڈیکل کالجس کی منظوری دیتے ہوئے حکومت کی جانب سے آج احکامات جاری کئے گئے۔ وزیر صحت ہریش راؤ نے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر ہر ضلع میں ایک گورنمنٹ میڈیکل کالج کے قیام کے منصوبہ پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے جس نے ہر ضلع میں ایک گورنمنٹ میڈیکل کالج کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ گذشتہ 9 برسوں میں تلنگانہ میں سرکاری سطح پر 29 نئے میڈیکل کالجس قائم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ایم بی بی ایس نشستوں کی تعداد 10 ہزار تک پہنچ جائے گی۔ ہریش راؤ کے مطابق دیہی اور دور دراز کے علاقوں میں عوام کو بنیادی طبی سہولتوں کی فراہمی کے مقصد سے نہ صرف میڈیکل کالجس قائم کئے جارہے ہیں بلکہ سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مقامی طلبہ کو بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے ایم بی بی ایس میں کنوینر کوٹہ کی مکمل نشستیں مقامی طلبہ کیلئے محفوظ کردی ہیں۔ ہریش راؤ نے نئے میڈیکل کالجس کی منظوری پر چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں صحت کے شعبہ میں انقلابی قدم اٹھائے گئے ہیں۔ ہریش راؤ نے ٹوئٹر پر نئے میڈیکل کالجس کی منظوری کے احکامات پوسٹ کئے اور لکھا کہ ہر ضلع میں ایک میڈیکل کالج کا کے سی آر کا ویژن حقیقت میں تبدیل ہورہا ہے۔ سکریٹری صحت سید علی مرتضیٰ رضوی نے جی او ایم ایس 86 جاری کیا جس کے تحت رنگاریڈی ضلع کے مہیشورم میں گورنمنٹ میڈیکل کالج اور گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل قائم کیا جائے گا۔ اسی طرح بھونگیر ضلع کے یادادری میں میڈیکل کالج اور گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل کی منظوری دی گئی۔ میدک ضلع کے میدک ٹاون میں گورنمنٹ میڈیکل کالج اور گورنمنٹ ہاسپٹل قائم کیا جائے گا۔ ورنگل کے نرسم پیٹ میں نئے کالج کے قیام کے احکامات جاری کئے گئے۔ میڑچل ملکاجگیری ضلع کے قطب اللہ پور میں نیا گورنمنٹ میڈیکل کالج قائم کیا جائے گا۔ گدوال ضلع کے گدوال ٹاؤن میں نیا کالج قائم ہوگا۔ نارائن پیٹ ضلع کے نارائن پیٹ ٹاؤن میں نئے کالج کو منظوری دی گئی۔ گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں فی کس 100 نشستوں کی گنجائش رہے گی۔تلنگانہ کے 33 اضلاع میں سے 25 اضلاع میں میڈیکل کالج پہلے ہی قائم کئے جاچکے ہیں۔ر
نئے 8 میڈیکل کالجس کے اعلان سے تمام 33 اضلاع میں گورنمنٹ میڈیکل کالجس کا نشانہ مکمل ہوجائے گا اور سرکاری میڈیکل کالجس کی تعداد بڑھ کر 34 ہوجائے گی۔2014 سے قبل گاندھی، عثمانیہ، کاکتیہ، ریمس عادل آباد اور نظام آباد میں گورنمنٹ میڈیکل کالجس قائم تھے۔ 2016-17 میں محبوب نگر اور سدی پیٹ میں میڈیکل کالجس قائم کئے گئے۔ 2018-19 میں نلگنڈہ ، سوریا پیٹ، 2022-23 میں منچریال، راما گنڈم، جگتیال، ونپرتی، ناگرکرنول، محبوب نگر، کتہ گوڑم ، سنگاریڈی، 2023-24 میں کاماریڈی، کریم نگر، کھمم، بھوپال پلی، آصف آباد، نرمل، سرسلہ، وقارآباد اور جنگاؤں میں میڈیکل کالجس قائم کئے گئے۔ر