تلنگانہ میں مسافرین کیلئے آج اور چہارشنبہ کو ٹول ٹیکس معاف

   

بس ڈپوز اور اسٹیشنس پر مسافرین کا ہجوم‘سنکرانتی کے موقع پر حکومت کی دو روزہ رعایت
حیدرآباد۔13 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ و آندھرا پردیش میں سنکرانتی تہوار کے پیش نظر شہر حیدرآباد میں مقیم ایسے تمام افراد جو اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں، سنکرانتی تہوار منانے کیلئے اپنے آبائی مقامات و مواضعات کا رخ کرچکے ہیں، شہر حیدرآباد میں مقیم لاکھوں افراد اپنے افراد خاندان کے ساتھ اپنے آبائی مقامات کو روانہ ہونے کے باعث مسافروں کے اژدھام کی وجہ سے سے بس اسٹیشنوں، ریلوے اسٹیشنوں کے علاوہ بعض اہم مقامات جہاں سے خانگی ٹورسٹ بسیں روانہ ہوتی ہیں، وہاں پر ان مسافروں پر قابو پانا ایک مشکل مسئلہ بن گیا ہے۔ گزشتہ دن سے ہی سنکرانتی کے سلسلے میں تعطیلات شروع ہونے کی وجہ سے رات تمام ہر جگہ مسافروں کا تانتا بندھا ہوا تھا۔ ایک طرف آر ٹی سی کی اسپیشل بسوں کی آسانی کے ساتھ بس اسٹیشنوں و اہم مقامات سے روانہ کرنے کیلئے آر ٹی سی عہدیدار مصروف دیکھے گئے تو دوسری طرف بعض ایسے مقامات جہاں سے کثیر تعداد میں پرائیویٹ ٹورسٹ سرویسیس طویل مسافتی مقامات اور دیگر پڑوسی ریاستوں کو بھی روانہ ہوئی ہیں، وہاں پر ٹریفک بحال کرنے کیلئے ٹریفک پولیس عہدیداروں کو کافی متحرک دیکھا گیا۔ علاوہ ازیں ریلوے اسٹیشنوں پر بھی عوام و مسافروں کا زبردست ہجوم دیکھا گیا۔ خصوصی ٹرینوں کی وجہ سے جلد سے جلد ہجوم پر قابو پانے کیلئے اقدامات کئے جارہے تھے۔

شہر حیدرآباد سے مختلف مقامات تک اسپیشل بسوں کی روانگی کے علاوہ اپنی ذاتی کاروں کے ذریعہ اپنے آبائی مقامات کو روانہ ہونے والوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہونے کے نتیجہ میں تمام شاہراہوں پر واقع ٹول پلازاؤں پر کئی کئی کیلو میٹرس تک ٹریفک جام رہی۔ کئی گھنٹوں تک ٹول پلازاؤں پر مسافروں کو گاڑیوں کی روانگی تک انتظار کرنا پڑا، بالخصوص ٹول پلازاؤں کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ حکومت فوری حرکت میں آگئی اور ریاست کے شاہراہوں پر تمام ٹول پلازاؤں سے بہ آسانی گاڑیوں کی روانگی کو یقینی بنانے کیلئے غیرمعمولی اقدام کرتے ہوئے 13 اور 16 جنوری دو دن کیلئے ٹول پلازاؤں پر گاڑیوں کو روک کر رقم کی وصولی کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلے میں چیف سیکریٹری تلنگانہ ایس کے جوشی نے احکام جاری کئے۔ سنکرانتی تہوار کے موقع پر سرکاری ملازمین کو بھی زیادہ تعطیلات سے اپنے آبائی مقامات کو روانہ ہونے والے افراد کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور گاڑیوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔ حیدرآباد سے مختلف شاہراہوں کے ذریعہ بسوں میں روانہ ہونے، ریلوے اسٹیشنوں پر ٹرینوں کے ذریعہ روانہ ہونے والے مسافروں کے علاوہ حیدرآباد ایرپورٹ شمس آباد پر بھی طیاروں کے ذریعہ اپنے آبائی مقامات پر روانہ ہونے والے مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ اس طرح شمس آباد ایرپورٹ پر اس مرتبہ کافی اژدھام دیکھا گیا۔