تلنگانہ میں مسلسل بارش سے تمام پراجکٹس لبریز

   

Ferty9 Clinic

9641 تالاب پر،مزید 8476 تالاب کسی بھی وقت لبریز ،20 تالابوں کو عارضی نقصان
حیدرآباد ۔ 24 جولائی (سیاست نیوز) ریاست میں گذشتہ ایک ہفتہ سے جاری بارش کی وجہ سے 43,870 کے منجملہ 9641 تالاب پوری طرح لبریز ہوگئے ہیں۔ مزید 8476 تالاب کسی بھی وقت لبریز ہوسکتے ہیں۔ ریاست میں ریکارڈ سطح پر بارش ہورہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج ریڈالرٹ جاری کرتے ہوئے تین اضلاع عادل آباد، آصف آباد، منچریال میں زیادہ بارش ہونے کی پیش قیاسی کی ہے۔ محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست میں 9 ہزار تالاب لبریز ہوکر پانی بہہ رہا ہے جس سے کئی مواضعات کے عوام کی عام زندگی سے رشتہ ٹوٹ گیا ہے۔ مزید 7 ہزار تالاب ایک دو دن کی بارش سے لبریز ہوسکتے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ تالابوں کے تحت 22 لاکھ ایکر اراضی ہے فی الوقت 20 لاکھ اراضی کو پانی سیراب کرنے کی سہولت فراہم ہوگئی ہے۔ تاحال جو بارش ہوئی ہے اس سے ریاست بھر میں 20 تالابوں کو عارضی طور پر نقصان پہنچا ہے۔ بالخصوص اضلاع عادل آباد، نرمل، ورنگل، نظام آباد میں تالابوں کے پشت ٹوٹ گئے ہیں۔ نرمل میں تین تالابوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ جن تالابوں کو نقصان پہنچا محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کی جانب سے عارضی طور پر مرمتی کام انجام دیئے گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے اگست تک ریاست میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ عہدیداروں نے تالابوں کی حفاظتی اقدامات کیلئے چوکسی اختیار کرلی ہے۔ دوسری جانب ریاست کے تمام آبپاشی پراجکٹس لبریز ہوگئے ہیں اور حکام کی جانب سے دروازے کھول کر پراجکٹ سے پانی خارج کیا جارہا ہے۔ عوام کو احتیاطی اقدامات کرنے پانی کے قریب اور تالابوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔