تلنگانہ میں مسلمانوں کابی آر ایس کو ووٹ دہلی میں مودی کیلئے فائدہ مند: ریونت ریڈی

,

   

اسد اویسی کے مشورہ سے مسلمانوں کو نقصان، کانگریس کو اقتدار کا موقع دیں، نظام آباد میں پدیاترا اور جلسہ عام

حیدرآباد۔/15مارچ، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس بات کا جائزہ لیں کہ علحدہ تلنگانہ کیلئے قربانیاں کس نے دیں اور فائدہ کس کو ہوا ہے۔ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کے 29 ویں دن ریونت ریڈی نے آج نظام آباد ( اربن ) اسمبلی حلقہ کا احاطہ کیا اور مختلف علاقوں میں پیدل دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ ریونت ریڈی نے گیری راج کالونی میں راجیو سواگروہا مکانات کا جائزہ لیا اور غریبوں کو تیقن دیا کہ کانگریس برسراقتدار آنے پر انہیں نئے مکانات فراہم کئے جائیں گے۔ مقامی افراد نے سہولتوں کے بغیر مکانات حوالے کرنے کی شکایت کی۔ ریونت ریڈی نے نظام آباد ٹاون میں مسلم نمائندوں سے ملاقات کی۔ شام میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کیلئے ہم نے گولی کھائی، ہم نے جیل کی سزا قبول کی لیکن تلنگانہ کی تشکیل کے بعد فائدہ صرف کے سی آر خاندان کو ہوا۔ ریونت ریڈی نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کی تائید کرنے والی بی آر ایس کو ووٹ دینے کے بجائے کانگریس کی تائید کریں تاکہ جنوری 2024 میں کانگریس برسراقتدار آئے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو چاہیئے کہ ایک بار کانگریس کو اقتدار کا موقع دیں کیونکہ کے سی آر کو 10 سال اقتدار کا موقع دیا گیا لیکن انہوں نے دھوکہ دیا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ مسلمان اسد اویسی کی اپیل پر بی آر ایس کو ووٹ دے رہے ہیں حالانکہ مسلمانوں کے ووٹ حاصل کرتے ہوئے کے سی آر کار میں نکل کر نئی دہلی میں مسلمانوں کے ووٹ نریندر مودی کی گود میں ڈال رہے ہیں۔ کے سی آر نے شاد نگر میں وعدہ کیا تھا کہ اقتدار کے 4 ماہ میں مسلمانوں کو12 فیصد تحفظات فراہم کئے جائیں گے۔ 9 سال گذرنے کے باوجود یہ وعدہ پورا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں4 فیصد تحفظات فراہم کئے گئے جس میں غلام نبی آزاد، محمد علی شبیر اور آنجہانی وائی ایس آر کا اہم رول ہے۔ آج مسلمانوں میں جو بھی انجینئر، ڈاکٹر، آئی اے ایس، آئی پی ایس اور قانون داں تیار ہورہے ہیں وہ 4 فیصد تحفظات کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد علی شبیر نے اقلیتوں کیلئے کئی میڈیکل کالجس اور پروفیشنلس کالجس کی منظوری دی تھی لیکن کے سی آر نے صرف زبانی وعدوں سے کام لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد ضلع کے ساتھ ہی نظام ساگر کا تصورآتا ہے جسے نظام حیدرآباد نے تعمیر کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ نظام آباد ( اربن ) کے رکن اسمبلی تعمیری کاموں میں کمیشن حاصل کررہے ہیں۔ وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی نے یادگار
شہیدان تلنگانہ کی تعمیر میں بھاری کمیشن حاصل کرتے ہوئے آندھرائی کنٹراکٹر کو کام حوالے کیا۔ اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی کے فرزند بانسواڑہ میں ریت مافیا کے سربراہ ہیں۔ ریونت ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ کانگریس کو ایک مرتبہ اقتدار کا موقع دیں تاکہ 500 روپئے میں گیس سلینڈر، کسانوں کو 2 لاکھ روپئے قرض کی معافی، 5 لاکھ روپئے تک مفت علاج، مکان کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے کی امداد جیسے اقدامات کئے جاسکیں۔ جلسہ عام میں سکریٹری اے آئی سی سی ندیم جاوید کے علاوہ محمد علی شبیر، سدرشن ریڈی، مہیش کمار گوڑ، انجن کمار یادو، طاہر بن حمدان اور مقامی قائدین موجود تھے۔ر