انتخابات میں کانگریس کی 73 نشستوں پر کامیابی یقینی، مانکیم ٹیگور و ریونت ریڈی کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/19 اگسٹ، ( سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور ایم پی نے تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کے استحکام کیلئے بوتھ سطح پر کارکنوں کو متحرک ہونے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ہر اسمبلی حلقہ کیلئے کوآرڈینیٹرس کا تقرر کیا ہے اور اگر کوآرڈینیٹرس غیر متحرک رہیں گے تو انہیں تبدیل کردیا جائے گا۔ مشن 2023 کے تحت تلنگانہ میں کے سی آر حکومت کے خلاف جدوجہد کا اعلان کیا گیا اور مانکیم ٹیگور کو یقین ہے کہ کے سی آر حکومت کے خلاف عوامی ناراضگی میں انتخابات تک مزید اضافہ ہوگا کیونکہ کے سی آر انتخابی وعدوں کو فراموش کرچکے ہیں۔ مانکیم ٹیگور نے آج اندرا بھون میں اسمبلی حلقہ جات کے کوآرڈینیٹرس اور پردیش کانگریس کمیٹی کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں بوتھ اور بلاک سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔ مانکیم ٹیگور نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو ہدایت دی کہ اسمبلی حلقہ جات کی سطح تک ٹی آر ایس حکومت کی بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کے خلاف جدوجہد کریں۔ اسکیمات کی تکمیل میں حکومت کی ناکامیوں اور سرکاری فنڈز کے بیجا استعمال سے عوام کو واقف کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اور کے سی آر نے انتخابات سے قبل جو وعدے کئے تھے ان سے عوام کو آگاہ کرتے ہوئے مہم میں شدت پیدا کی جانی چاہیئے۔ مانکیم ٹیگور نے کہا کہ راہول گاندھی دلت اور گریجن طبقات کے کسی ایک جلسہ میں شرکت کیلئے ستمبر میں ریاست کا دورہ کریں گے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دلت اور گریجن طبقات کے جلسوں میں عوام کی کثیر تعداد سے حکومت کے خلاف ناراضگی کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو 72 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 17 ستمبر تک دلت اور گریجن طبقات کے جلسوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔ مانکیم ٹیگور نے شام میںپارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹس، نائب صدور اور مختلف کمیٹیوں کے عہدیداروں سے مشاورت کی اور تلنگانہ کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا۔R
