تلنگانہ میں مشن 2023 کے تحت بی جے پی قومی قیادت کی تیاریاں

   

مودی کے خلاف کے سی آر کے بیانات پر ناراضگی، ریاستی قیادت پر موثر جواب دینے میں ناکامی کی شکایت

حیدرآباد۔/22 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں مشن 2023 کے تحت بی جے پی قومی قیادت نے پارٹی کے استحکام کیلئے منصوبہ بندی کا آغاز کردیا ہے۔ بی جے پی قومی قیادت نے تلنگانہ کی سیاسی صورتحال اور خاص طور پر حکومت کے خلاف عوامی ناراضگی کے پس منظر میں اسمبلی انتخابات 2023 میں کامیابی کے نشانہ کے ساتھ آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی صدر جے پی نڈا نے تلنگانہ کے حالات پر مقامی قائدین کے علاوہ ماہرین سے بھی مشاورت کی ہے تاکہ ٹی آر ایس کے خلاف ایک بڑے منصوبہ کو قطعیت دی جاسکے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف کے سی آر کے بیانات سے بی جے پی ہائی کمان خوش نہیں ہے۔ ہائی کمان اس بات پر ناراض ہے کہ تلنگانہ کے قائدین کے سی آر کا موثر انداز میں جواب دینے سے قاصر ہیں۔ مودی کے خلاف کے سی آر کے توہین آمیز ریمارکس کے مقابلہ کیلئے قومی قیادت نے دیگر ریاستوں کے سینئر قائدین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی صدر بنڈی سنجے اور مرکزی وزیر کشن ریڈی سے ہائی کمان نے کے سی آر حکومت کی بے قاعدگیوں اور کے سی آر خاندان کی مبینہ بدعنوانیوں کی تفصیلات طلب کی ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی وزیر پارلیمانی امور پرہلاد جوشی نے تلنگانہ کی صورتحال پر کشن ریڈی سے مشاورت کی۔ پارٹی قائدین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کے سی آر کے خلاف جدوجہد میں تیزی پیدا کریں۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کے بیشتر قومی قائدین اتر پردیش اور دیگر چار ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں مصروف ہیں۔ مہم کے اختتام کے بعد تلنگانہ پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ مرکزی وزیر کشن ریڈی کے ذریعہ تلنگانہ کو بجٹ میں الاٹ کردہ رقومات کی تفصیل عوام کے درمیان پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ تلنگانہ کو نظرانداز کرنے کے الزامات کی نفی ہوسکے۔ ر