مختلف پراجکٹس کی نگرانی و دیگر امور کیلئے نئی ٹکنالوجی پر محکمہ آئی ٹی کی توجہ
حیدرآباد۔16فروری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں مصنوعی ذہانت کے استعمال میں اضافہ کے سلسلہ محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کی جانب سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ریاست میں مختلف مقامات پر جاری پراجکٹس پر ویب کیمروں اور سی سی ٹی وی کے ذریعہ نگرانی کے متعلق محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے غور کرنا شروع کیا ہے اور اس کے ذریعہ جاری ترقیاتی پراجکٹس آرٹیفیشل انٹلیجنس کے ذریعہ نگرانی اور ان کے موقف کے متعلق جانکاری کو یقینی بنانے کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور سافٹ وئیر کی تیاری کے علاوہ دیگر امور کو ممکن بنایاجائے گا۔ آندھرا پردیش میںپراجکٹس کی نگرانی اور ان کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے مصنوعی ذہانت کے استعمال کے اقدامات کے ساتھ ہی ریاست تلنگانہ میں بھی اس کے استعمال کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔ تلنگانہ میں جاری مشن بھاگیریتا ‘ مشن کاکتیہ اور ہریتا ہرم کے علاوہ دیگر پراجکٹس بالخصوص تلنگانہ سیکریٹریٹ ‘یدادری وغیرہ کو سی سی ٹی وی کے ساتھ مصنوعی ذہانت سے مربوط کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کیلئے انہیں راست وزراء اور چیف منسٹر سے جوڑنے کے علاوہ ان کے مشاہدہ کیلئے ہمیشہ پراجکٹ کو آن لائن رکھنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔باوثوق ذرائع کے مطابق محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کی جانب سے عہدیداروں اور ماہرین آئی ٹی کو اس بات کی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ ترقیاتی پراجکٹس کو سی سی ٹی وی اور ویب کیمروں کے ساتھ مصنوعی ذہانت کے سافٹ وئیر کو مربوط کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیں اور رپورٹ حکومت کو پیش کریں تاکہ حکومت کی منظوری حاصل کی جاسکے۔ ماہرین کا کہنا ہیکہ اگر پراجکٹس کو معیاری اور ہائی ڈیفینیشن کیمروں سے مربوط کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں ترقیاتی پراجکٹس میںہونے والی کوتاہیوں کو روکا جا سکتا ہے۔ عہدیداروں کا کہناہے کہ کاموں کی راست نگرانی حکومت کی جانب سے کی جانے لگتی ہے تو ایسی صورت میں متعلقہ محکمہ کے عہدیداروں کے متحرک ہونے کے علاوہ کنٹراکٹرس بھی مستعدی سے کام انجام دیں گے ۔ محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے ذرائع کے مطابق رپورٹ کی تیاری کے بعد تمام محکمہ جات جن کے ترقیاتی پراجکٹس جاری ہیں انہیں اس بات کی ہدایت دیئے جانے کا امکان ہے کہ وہ اپنے پراجکٹس کے مقامات کو سی سی ٹی وی کیمروں کو مصنوعی ذۃانت کے سافٹ وئیر سے مربوط کریں اور ان تک حکومت کے اعلی حکام کی رسائی کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں۔م