پرائمری سے پوسٹ گریجویشن تک اقامتی ہاسٹلس کے طلبہ کیلئے ڈائیٹ چارجس میں اضافہ، حکومت کے احکامات کی اجرائی
حیدرآباد۔/23 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے فلاحی اسکیمات کے فوائد میں اضافہ کرتے ہوئے معذورین کے آسرا پنشن کی رقم میں ایک ہزارروپئے کا اضافہ کرتے ہوئے ماہانہ 3016 روپئے کے بجائے 4016 روپئے ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اضافی پنشن پر جولائی سے عمل آوری ہوگی۔ اسی طرح چیف منسٹر کے سی آر نے اقامتی اسکولس اور ہاسٹلس میں زیر تعلیم طلبہ کے ڈائیٹ چارجس میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں فیصلوں کے بارے میں احکامات جاری کئے گئے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ معذورین کے وظائف میں اضافہ کا فیصلہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ معذورین کو آسرا پنشن کے تحت دیئے جانے والے وظیفہ میں ایک ہزار روپئے کا اضافہ کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے منچریال کے جلسہ عام میں یہ اعلان کیا تھا اور متعلقہ فائیل کو منظوری دے دی جس کے بعد سرکاری احکامات جاری کئے گئے۔ تلنگانہ حکومت ملک میں معذورین کی بھلائی کے معاملہ میں سرفہرست ہے اور کئی اسکیمات کے ذریعہ ملک کیلئے رول ماڈل بن چکی ہے۔ آسرا پنشن ملک کی دیگر ریاستوں میں دیئے جانے والے پنشن میں سب سے زیادہ ہے۔ چیف منسٹر نے مختلف محکمہ جات کے تحت موجود اقامتی ہاسٹلس میں زیر تعلیم غریب طلبہ کے ڈائیٹ چارجس میں اضافہ سے متعلق فائیل کو منظوری دے دی ہے۔ طلبہ کو معیاری غذا اور بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے جولائی سے ڈائیٹ چارجس میں اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تیسری تا ساتویں جماعت کے طلبہ کیلئے ڈائیٹ چارجس کو ماہانہ 950 روپئے سے بڑھا کر 1200 روپئے کیا گیا ہے۔ آٹھویں تا دسویں جماعت کیلئے ڈائیٹ چارجس 1100 روپئے سے بڑھا کر 1400 روپئے کردیئے گئے۔ حکومت نے گیارہویں جماعت تا پوسٹ گریجویشن ماہانہ ڈائیٹ چارجس کو 1500 روپئے سے بڑھا کر 1875 روپئے کردیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ قبائیلی بہبود، ایس سی ویلفیر، بی سی ویلفیر اور دیگر اقامتی ہاسٹلس میں زیر تعلیم 7.50 لاکھ طلبہ کو فائدہ ہوگا۔ حکومت نے موجودہ چارجس میں 26 فیصد کا اضافہ کیا ہے جس کے نتیجہ میں سرکاری خزانہ پر سالانہ 237.24 کروڑ کا بوجھ عائد ہوگا۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ حکومت خزانہ پر بوجھ کے باوجود طلبہ کی بھلائی کیلئے کام کررہی ہے۔ ہاسٹلس میں معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ بہتر غذا اور فائن رائس سربراہ کیا جارہا ہے۔ سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کیلئے ڈائیٹ چارجس میں اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے کابینی سب کمیٹی کی سفارش پر یہ فیصلہ کیا ہے۔ اسی دوران ریاستی وزراء ستیہ وتی راتھوڑ، ای دیاکر راؤ اور بی آر ایس کے عوامی نمائندوں نے طلبہ اور معذورین کے ہمراہ چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کی اور دونوں فیصلوں پر اظہار تشکر کیا۔