غریب مریضوں کیلئے بڑی راحت، وسعت کا منصوبہ
حیدرآباد 2 فروری (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں پبلک ہیلت کیر انسٹی ٹیوشنس پر مفت ڈئیلاسیس سہولت برقرار ہے جو غریب مریضوں کے لئے آخری اُمید ہے ورنہ وہ گردے ناکارہ ہوجانے کا شکار ہوسکتے ہیں۔ 2015 ء میں اس سہولت کو شروع کرنے کے بعد سے ریاستی حکومت کو ہر سال 2.30 لاکھ فری ڈئیلاسیس سیشنس فراہم کرنے کے لئے تقریباً 33 کروڑ روپئے کے مصارف ہورہے ہیں۔ ایک اندازہ کے مطابق ریاستی حکومت نے تاحال تلنگانہ میں گردے کے مریضوں کو ڈئیلاسیس سہولت فراہم کرنے کے لئے تقریباً 260 کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں۔ محکمہ صحت کے سینئر عہدیداروں کے مطابق ریاست میں قائم کئے گئے 37 فری ڈئیلاسیس فیسلیٹیز پر ہیپاٹیٹس سی انفیکشن کی شرح کو بھی کم سے کم کیا گیا ہے۔ ملک میں پہلی مرتبہ ریاست تلنگانہ میں فری ڈئیلاسیس فسیلٹیز پر ’ون ٹائم‘ ڈئیلیزر اور دوسرے کنزیومیبلس کا استعمال کیا جارہا ہے جس کی ڈئیلاسیس کے لئے ضرورت ہوتی ہے۔ ہیلت کے عہدیداروں کے مطابق تقریباً 600 گردے کے مریض ہنوز ویٹنگ لسٹ میں ہیں اور انھیں گورنمنٹ ہاسپٹلس میں ڈئیلاسیس فسیلیٹیز کی ضرورت ہے۔ انھیں یہ سہولت فراہم کرنے کے لئے ہیلت کے عہدیداروں نے کہاکہ تلنگانہ میں 2020-21 میں مزید 65 ڈئیلاسیس مشینس حاصل کئے جائیں گے۔ عہدیدار ریاست میں اس سہولت کو وسعت دینے کا منصوبہ رکھتے ہیں اور اس کے لئے سالانہ 13 کروڑ روپئے کے اضافی اخراجات ہوں گے۔