حیدرآباد۔/26جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں محکمہ صحت میں 1520 ملٹی پرپز ہیلت اسسٹنٹ کی جائیدادوں پر تقررات کا اعلامیہ جاری کیا گیا۔ کمشنر آف ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر کے تحت یہ تقررات کئے جائیں گے۔ آن لائن درخواستوں کے ادخال کا 25 اگسٹ صبح 10:30 بجے آغاز ہوگا اور اہل امیدوار 19 ستمبر شام 5 بجے تک درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ امیدواروں کیلئے ضروری ہے کہ وہ تلنگانہ میں اسٹیٹ نرسیس اینڈ میڈوائز کونسل سے مسلمہ کسی ادارہ سے ملٹی پرپز ہیلت ورکر (ویمنس ) کے ٹریننگ کورس کو کامیاب کئے ہوں یا پھر انٹر ووکیشنل ملٹی پرپز ہیلت ورکر (ویمنس ) ٹریننگ کورس میں کامیابی کے بعد کسی سرکاری ہاسپٹل میں ایک سال تک کلنیکل ٹریننگ حاصل کردہ ہوں۔ امیدواروں کی عمر یکم جولائی 2023 تک 18 سے 44 سال کے درمیان ہونی چاہیئے۔ ایس سی، ایس ٹی، بی سی، ای ڈبلیو ایس امیدواروں کو پانچ سال، معذورین کو 10 سال، ایکس سرویس مین، این سی سی سرٹیفکیٹ کے حامل امیدواروں کو 3 سال کی رعایت رہے گی۔ ہیلت اسسٹنٹ پوسٹ کیلئے منتخب امیدواروں کا پے اسکیل 31040 تا 92050 روپئے رہے گا۔ امیدواروں کو آن لائن درخواست فیس کے طور پر 500 روپئے ادا کرنے ہوں گے اور کسی بھی زمرہ کیلئے فیس میں رعایت نہیں رہے گی۔ پراسیسنگ فیس کے طور پر200 روپئے جمع کرنے ہوں گے۔ ایس سی، ایس ٹی، بی سی، ای ڈبلیو ایس، معذورین اور ایکس سرویس مین پراسیسنگ فیس سے مستثنیٰ رہیں گے۔ دیگر ریاستوں کے درخواست گذاروں کو فیس میں کوئی استثنیٰ نہیں رہے گا۔ امتحانات حیدرآباد، ورنگل، کھمم اور نظام آباد میں ہوں گے اور درخواست گذاروں کو اپنی پسند کے مرکز کا انتخاب کرنا ہوگا۔ رول آف ریزرویشن کے مطابق تحفظات حاصل ہوں گے۔ بی سی ای زمرہ کے تحت تحفظات پر عمل آوری ہائی کورٹ کے احکامات کے تابع رہے گی۔ مزید تفصیلات میڈیکل ہیلت سرویسس ریکروٹمنٹ بورڈ کی ویب سائیٹ https://mhsrb.telangana.gov.in سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔