تلنگانہ میں مکمل خواندگی کیلئے بہت جلد ایکشن پلان : گورنر

   

حیدرآباد۔ 26 جنوری (سیاست نیوز) گورنر تملی سائی سوندرا راجن نے اتوار کو کہا کہ حکومت تلنگانہ اس ریاست کو مکمل طور پر خواندہ بنانے کیلئے بہت جلد ایکشن پلان کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کئی شعبوں میں پہلے مقام پر ہے لیکن خواندگی میں پیچھے ہے۔ گورنر سوندرا راجن نے یوم جمہوریہ کے موقع پر پرچم کشائی کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ کئی افراد اپنے علاقوں میں ناخواندہ افراد کو تعلیم دینے کیلئے آگے آرہے ہیں۔ اس مقصد کیلئے چیف منسٹر نے ایک تعلیم یافتہ فرد کی جانب سے ایک ناخواندہ فرد کو تعلیم دینے کیلئے ’ایچ ون ۔ ٹیچ ون‘ کا نعرہ دیا تھا۔ پریڈ کے موقع پر گورنر ڈاکٹر تمیلی سوندرا راجن کے ہمراہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے علاوہ دیگر ریاستی وزراء‘ ارکان پارلیمان‘ ارکان اسمبلی ‘ ارکان قانون ساز کونسل‘ اعلی عہدیداروں کے علاوہ اہم شخصیتیں موجود تھیں۔ گورنر تلنگانہ نے اپنے خطاب کے دورا ن کہا کہ مشین بھگیریتا کے ذریعہ 100 فیصد گھروں تک پینے کے پانی کی سربراہی کو جلد یقینی بنایا جائے گا۔